ڈوڈہ //سول سوسائٹی ڈوڈہ کی جانب سے ریاستی و مقامی انتظامیہ کی جانب سے وادی چناب میں برفباری کے بعد پیدا ہوئے صورتحال سے نمٹنے کے لئے منگل کے روز یہاں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور علیٰحدہ انتظامی ڈویژن کا مطالبہ کیا۔ بھاری تعداد میںمظاہرین ضلع صدر مقام پر اکٹھا ہوئے او ر لوگوں کے مسائل ومشکلات حل کرنے میں مبینہ ناکام رہنے پر سرکار و ضلع انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔سول سوسائٹی کی جانب سے دی گئی کال کی قیادت سینئر سماجی و سیاسی انجمنوں کے کارکنان کر رہے تھے ،جن میںایڈوکیٹ امتیاز احمد میر، عاصم ہاشمی، اشتیاق احمد دیو، نصیر احمد کھوڑا،غلام حسن پانپوری،ایڈوکیٹ حسب بابر،ایڈوکیٹ کیول منہاس و دیگران شامل تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ عاسم ہاشمی نے گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہنے پر غفلت برتنے کی تنقید کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ عوام کے مشکلات حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور برفباری کے بعد پانچ دنوں کے بعد بھی قصبہ میں پینے کے پانی اور بجلی کی سپلائی بحال نہیں ہوئی ہے جبکہ دور افتادہ علاقے ضلع صدر مقام سے ابھی تک الگ تھلگ ہیں۔انہوں مبینہ الزام لگایا کہ محکمہ موسمیا ت کی جانب سے ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد بھی انتظامیہ نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی،جسکی وجہ سے لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔سینئر ایڈوکیٹ امتیاز میر نے بھی سرکار کی جانب سے لوگوں کی شکایات حل کرنے میں مبینہ ناکام رہنے پر انتظامیہ کی نکتہ چینی کرتے ہوئے ودی کے لئے الگ ڈویژن اور پہاڑی ترقیاتی کونسل کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقعہ پر اشتیاق احمد دیو ،غلام حسن پانپوری، نصیر احمد کھوڑا،ایڈوکیٹ حسن بابر اور ایڈوکیٹ کیول کرشن نے بھی خطاب کیا۔