اننت ناگ //ڈورو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کی ابتر صورتحال کے سبب ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ڈورو،ویری ناگ، کپرن اور دیگر علاقوں میں گذشتہ 20 روز سے آبادی کو بجلی کی ابتر صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان علاقوں میں محض 3 سے 4 گھنٹے ہی بجلی میسر ہوتی ہے اوراس دوران بھی بار بار کٹوتی کا سامنا کر نا پڑرہا ہے۔جہاں ایک طرف بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں وولٹیجبھی بہت کم ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ موسم میں بہتری آنے کے بعد بھی انہیں برقی رو سے محروم رکھا جارہا ہے۔اسسٹنٹ ایگزیگٹیو انجینئر ڈورو فیاض احمد کا کہنا ہے کہ بانہال سیکٹر میں ضروری مرمت کے پیش نظر ساگام گریڈ اسٹیشن کے تحت آنے والے علاقوں میں بجلی سپلائی میں بار بار خلل آرہا ہے اور اس وقت محکمہ صارفین کو 8 گھنٹے بجلی فراہم کرتا ہے اور یہ صورتحال مزید ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔