ڈورو اور سمبل میں سڑک حادثات

اننت ناگ+سرینگر//ڈورو میں موٹر بائیک سوار نے راہ چلتی دوشیزہ کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں بائیک سوار اور دوشیزہ زخمی ہوگئے ۔ادھر سمبل میں جمعہ کو ایک سڑک حادثے کے دوران 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق کالج روڈ ڈورو پر بغیر نمبر بائیک سوار راسخ احمد سہہ ولد خورشید احمد سہہ ساکنہ نتھی پورہ نے راہ چلتی کالج طالبہ خوشبو نذیر دختر نذیر احمد گنائی ساکنہ نائید پورہ لارکی پورہ کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے اور انہیں علاج معالجے کیلئے ماڈل اسپتال ڈورو منتقل کیا گیا جہاں سے خوشبو جان کو صورہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ریفر کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق دوشیزہ کے سر میں چوٹ لگی ہے اور اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس درج کیا ہے۔ادھر سی این ایس کے مطابق سمبل کالونی کے قریب ایک سینٹروگاڑی زیر رجسٹریشن نمبر HR51AQ-2253  مخالف سمت سے آ رہی ایک پولیس گاڑی زیر نمبر JK15 -1097سے ٹکرا گئی جس میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے عام شہری جس کی شناخت توصیف احمد راتھر ولدن محمد شفیع راتھر ساکن بٹ محلہ سمبل کے بطور ہوئی شامل ہے ۔ سبھی زخمیوں کو سی ایچ سی سمبل منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے جے وی سی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔