جموں // ضلع ترقیاتی کمشنر جموں انشل گرک نے ڈنسال علاقے میں لوگوں کے مسائل سننے کیلئے ایک دربار منعقد کیا جس میں لوگوں کے مسائل سننے کے بعد انہوں نے لوگوںکو یقین دلایا کہ ان کے حقیقی مطالبات کا حل فوری طور نکالا جائے گا ۔ڈی سی عوامی رابطہ پروگرام میں شرکت کیلئے جمعرات کو ڈنسال جموں پہنچتے ،جہاں پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پنچایتی اراکین نے عوامی مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔ان مسائل میں اراضی معاوضہ ، راشن کارڈز کا اجراء ،سڑک رابطہ ، پینے کے پانی کی دستیابی ، بجلی کی فراہمی کے منظرنامے میں بہتری ، ہینڈ پمپوں کی تنصیب ، صحت مراکز وغیرہ شامل تھے ۔ڈی سے نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے حقیقی مطالبات کا ازلہ کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں جبکہ کئی ایک مسائل کو موقعہ پر ہی حل کیا گیا ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی اہمیت کے اجاگر کردہ معاملات متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ دیہی عوام کو فوائد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے جوش کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس عوامی رساء پروگرام کا مقصد لوگوں تک پہنچنا اور ان کی مشکلات کو سمجھنا ہے۔