سرینگر//ایس کے آئی سی سی میں جھیل ڈل اور نگین کے تحفظ اوران جھیلوں کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے لئے لائوڈا کے اہتمام سے چھٹی سائینٹفک ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت چیرمین ایس اے سی اور سابق ممبر نیشنل گرین ٹریبونل نئی دہلی ڈاکٹر اے آر یوسف نے کی۔میٹنگ میں ممبران ایس اے سی بشمول وی سی لائوڈا ڈاکٹر ایچ مسعودی ،وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پردیپ سنگھ ،سینئر ایڈوکیٹ ظفر شاہ ،ممبران ایس اے سی اورلائوڈا کے آفیسران کے علاوہ محکمہ جنگلات اوردیگر متعلقہ محکموں کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر ڈل کے تحفظ اورجھیل سے فالتو گھاس پھوس اور کنول نکالنے کے لئے کئے جارہے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔معروف وکیل ظفر شاہ نے جھیل ڈل اور نگین کی بقأ اورتحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عوامی بیداری مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوںنے کہا کہ جھیلوں کے تحفظ کے لئے نتائج خیز اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر اے ایچ مسعودی نے جھیل ڈل اورنگین کے تحفظ کے لئے کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی ۔انہوںنے کہا کہ جھیلوں سے کنول اورگھاس پھوس نکالنے کے لئے افرادی قوت اورمشینری کو بروئے کار لایا جارہا ہے اوراگست2017ء سے شروع کئے گئے اس قدم کے تحت اب تک ایک کلو میٹر کا حصہ صاف کیا گیا ہے۔بعد میں انٹرنیشنل انسٹچیوٹ آف سسٹینیبل ڈیولمنٹ سوئزر لینڈ کے ماہرین نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے جھیل ڈل اور نگین کے تحفظ کے لئے سائنسی خطوط پر اقدامات کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔