عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سری نگر//ڈلگیٹ پریمئر لیگ کا افتتاحی میچ جمعرات کو ٹی آر سی کرکٹ گرونڈ ڈلگیٹ سری نگر میں کھیلا گیا۔اس موقع پر معزز مہمانوں کے علاوہ شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو اس میچ سے لطف اندوز ہوئے ۔ لیگ کا افتتاحی میچ جمعرات کے روز سری نگر کے ٹی آر سی کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا ، میچ میں معزز مہمانوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ شائقین کا پرجوش اجتماع بھی دیکھا گیا۔یونائٹیڈ سی سی اور ڈاڈو رینجرس کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں ڈاڈو رینجرس نے پہلے میچ میں جیت حاصل کی ۔افتتاحی تقریب میں ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔صوبائی کمشنر کشمیر نے ڈلگیٹ پرائمر لیگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ کھیل کود کی سرگرمیوں سے نہ صرف کھلاڑی اپنے آپ کو تندرست رکھ سکتا ہے بلکہ اس سے دوسروں کو بھی کھیل کود کی سرگرمیوں کی اور ترغیب ملتی ہے ۔سخت مقابلے والے میچ میں یونائیٹڈ سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 125 رنز کا قابل احترام ہدف دیا۔ ٹیم نے اپنی پوری اننگز میں غیر معمولی مہارت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ ان کی اننگز کی خاص بات عامر بیگ تھے جنہوں نے 55 رنز بنا کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔