رام بن// ڈسٹرکٹ اسپتال رام بن میں کووڈ 19 کے مریضوں سے نمٹنے کے لئے آکسیجن جنریشن پلانٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس بات کا انکشاف ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے جمعرات کو کیا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ آکسیجن جنریشن پلانٹ دو یونٹوں کی مدد سے 750 ایل پی ایم (فی لیٹر فی منٹ) مائع آکسیجن پیدا کرے گا جس کا کام ایک نجی کمپنی کررہی ہے۔آکسیجن جنریشن پلانٹ ڈسٹرکٹ اسپتال رام بن کی آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ اس وقت ضلع میں کہیں بھی آکسیجن جنریشن پلانٹ نصب نہیں ہے۔ہسپتالوں میں مائع آکسیجن جنریشن پلانٹ لگانے کے لئے ہسپتال الیکٹریکل کے احاطے میں ایک علیحدہ عمارت تعمیر کی گئی اور متعلقہ ایجنسیوں نے اس سے وابستہ دیگر کام مکمل کرلیے ہیں۔750 لیٹر فی منٹ صلاحیت کی آکسیجن جنریشن پلانٹ ضلعی ہسپتال رام بن کی آکسیجن کی ضروریات کو پورا کر سکے گا اور جلد کام شروع کردے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہمارے پاس رام بن ضلع میں آکسیجن سلنڈروں کا مناسب ذخیرہ موجود ہے ، اس وقت ہمارے پاس 702 آکسیجن سلنڈر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ آکسیجن لیول کوویڈ کیئر سنٹر ٹروما ہسپتال رام بن میں زیراستعمال ہے۔ انہوں نے کہا اس لئے اس کووڈ کیئر سنٹر میں 80 مریض داخل ہیں بدقسمتی سے ان میں سے 5 کی موت ہوگئی تھی جبکہ دیگر کو صحتیاب کرا لیا گیا ہے۔