سرینگر//ایس ڈی کالونی بٹہ مالو میں ایک ڈرین کی تعمیر کے بعد کام ادھورا چھوڑنے پرسڑ ک کی حالت خستہ ہوئی ہے جسکے باعث مقامی آ بادی کوسخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایس ڈی کالونی بٹہ مالو میں ایک سال قبل محکمہ یو ای ای ڈی کے ذریعے ایک ڈرین کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس سڑ ک کا کام ا دھوراچھوڑ کر التوا میں رکھا گیا ۔مقامی دکانداروں پر مشتمل ایک وفد نے بتایا کہ ڈرین کی تعمیر کیلئے کھدائی کی گئی ہے اوریہ سارا ملبہ فی الوقت سڑک پر پڑا ہے، جسکی وجہ سے یہاں پر لوگوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محمد شریف نامی ایک شہر ی نے بتایا کہ اس خستہ حال روڈ پر ایک مسجد بھی واقع ہے اور یہاں تک جانے والے نماز یوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہ بارشوں کے دور ان اس صورتحال کی وجہ سے پانی اور کیچڑ جمع ہوجاتاہے اورسب سے زیادہ پریشانی مقامی دکاندارواں کو اُٹھانی پڑتی ہے۔لوگوںنے اعلیٰ حکام سے اس ضمن میں فوری اقدامات کرتے ہوئے سڑک کی تعمیر فوری طور پر مکمل کرانے کی اپیل کی ہے۔