ڈرون نظرآنے پر ہیرا نگر کے سرحدی گائوں منیاری میں خوف

جموں//کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں پاک بھارت سرحد پر منیاری علاقے کے لوگوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مقامی لوگوں نے دیکھا کہ ان کے کھیتوں پر ایک ڈرون اُڑ رہا ہے۔بی ایس ایف نے کسی ڈرون کو دیکھنے سے انکار کیا تاہم مقامی پولیس کی ٹیم جو مقامی لوگوں کی اطلاع پر موقعہ پر پہنچی تھی ، نے دعویٰ کیا کہ ڈرون کو نشانہ بناتے ہوئے کچھ گولیوں سے فائر کیا گیالیکن اُسے گرانے میںکامیابی نہیں ملی۔ ایس ایس پی کٹھوعہ شیلندر مشرا نے بتایا،’’ہم نے ڈرون کا پیچھا کیا، ہم نے اُسے گرانے کی کوشش کی، ڈرون نظروں سے دورہو گیا، یہ بہت اونچائی پر اُڑ رہاتھا، ہمیں نہیں معلوم کہ تاریکی کے درمیان یہ کہاں چلاگیا‘‘۔مشرا نے بتایا کہ انہوں نے بین الاقوامی سرحد کے ساتھ ملحقہ دیہات اور تمام رابطہ سڑکوں کی تلاشی شروع کردی ہے۔ایس ایس پی نے کہا،’’ہم نے پولیس جوانوں کو آگاہ کردیا ہے اور پاکستان سے اس طرف عسکریت پسندوں کو عبور کرانے کی ممکنہ کوششوں کے خدشات کے پیش نظر تلاشی لی جارہی ہے‘‘۔مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی کٹھوعہ رمنیش گپتا نے بتایا،’’ہمیں شبہ ہے کہ ڈرون پاکستان سے بھیجا گیا تھا اور اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا، ہم گذشتہ واقعات کے پیش نظر چوکس رہتے ہیں، ہم نے سرحد اور ہائی وے کی گشت میں اضافہ کردیا ہے اور چیکنگ بڑھا دی گئی ہے‘‘۔