ڈاکٹر نوید کی وزیر اعظم سے بات چیت | پروٹو کول پر عملدر آمد کورونا سے لڑنے کا واحد حل

سرینگر // کشمیر میں پھیپھڑوں کی بیماریوں کے ماہرمعالج اور سی ڈی اسپتال میں شعبہ امراض چھاتی کے سربراہ ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے اتوار کو’من کی بات ‘ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کی اور کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنے سے ہی ملک کورونا وائرس کی دوسری لہر سے بچنے کا واحد ذریعہ ہے۔ من کی بات پروگرام میں وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نوید نذیر شاہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پہلی لہر میں وائرس سے متاثر ہونے والے لوگ کافی خوف زدہ  تھے لیکن اب ڈاکٹروں اور عام لوگوں کو کافی جانکاری حاصل ہے۔ ڈاکٹر نویدنے وزیر اعظم کو بتایا کہ اس بیماری سے لڑنے کیلئے ہمارے پاس کافی تحقیق اور تحریری مواد موجود ہے۔ ڈاکٹر نوید نے بتایا کہ اگر ہم احتیاطی تدابیر مثلاًماسک  ، ہاتھ صاف کرنا اور سماجی دوری وسماجی اجتماعات سے پرہیز کریں تو  وباء سے بچکر روز مرہ کا کام کرسکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے جب ویکسین کے بارے میں لوگوں کی رائے جاننے کی خواہش ظاہر کی تو ڈاکٹر نوید  نے بتایا کہ ابتدائی طور پر لوگوں میں ویکسین کے بارے میں بہت ساری غلط فہمیاں موجود تھیں لیکن اب لوگ ویکسین کیلئے سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے15لاکھ لوگوں کو ویکسین دیا گیا ہے جبکہ مزید ویکسین لگانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو بھی رد کیا کہ ویکسین کے مضر اثرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکر نہ صرف ہزاروں مریضوں کا علاج کررہے ہیں بلکہ میں خود بھی وائرس سے متاثر ہوا تھا ۔ڈاکٹر نوید گذشتہ سال وائرس سے متاثر ہوئے تھے اور اسوقت ملک میں نامور ماہر امراض چھاتی تصور کئے جاتے ہیں۔