بانہال//یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر ریاست جموں و کشمیر کے لیفٹینٹ گورنر منوج سنہا کے ہاتھوں ایوارڈز پانے والے پچاس فرنٹ لائین کووڈ وائرئیروں کی فہرست میں اپنے مرحوم ڈاکٹر بیٹے کا نام نہ پاکر سابقہ بیوروکریٹ، نیشنل کانفرنس لیڈر اور ڈی ڈی سی کونسلر پوگل پرستان بانہال بشیر احمد رونیال ضلع انتظامیہ رامبن کے مبینہ غلط رویئے سے دل برداشتہ ہوئے ہیں اور اسے افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع انتظامیہ رام بن نے جان بوجھ کر ان کے بیٹے نوید بشیر رونیال کی خدمات کو نظر انداز کیا ہے ۔ مقامی ڈاکٹر نوید بشیر رونیال کووڈانیس کی ڈیوٹی نبھاتے نبھاتے پچھلے سال جاں بحق ہوئے تھے اور تعیناتی کے وقت وہ بانہال سب ضلع ہسپتال میں تعینات تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے بیٹے نے اپنی جان مریضوں کو علاج کرتے کرتے گنوا دی ہے اور وہ کووڈانیس کے نوڈل افسر تھے ۔
ایک تحریری بیان میں بشیر احمد رونیال نے الزام لگایا ہے کہ ڈپٹی کمشنر رام بن نے افسران کی ایک میٹنگ میں میرے بیٹے کے کیس پر کارروائی نہ کرنے کی سیاسی وجوہات کا کھل کر اظہار کیا ہے جو قابل افسوس عمل یے۔ انہوں نے کہا ان کے جواں سال بیٹے ڈاکٹر نوید محکمہ صحت کے فرنٹ لائین ورکر تھے اور انکی ناقابل فراموش خدمات کو معاشرے کے ہر طبقے سے وابستہ لوگوں نے تسلیم کیا ہے اور دکھ و الم کے بیچ ضلع رامبن کی تقریبا تمام مساجد میں ان کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھا گیا تھا لیکن موجودہ ڈپٹی کمشنر نے میری سیاسی وابستگی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر نوید کو نظر انداز کر دیا۔ انہوں نے کہا میں، افسروں کی میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر کے مبینہ ریمارکس کی شدید مذمت کرتا ہوں اور اس حوالے سے ضلع رامبن کے ہیلتھ حکام کی جانب سے دکھائی جانے والی عدم توجہی اور بے حسی پر کف ماتم کے سوا اور کیا، کیا جاسکتا ہے ۔
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ میرے سیاسی مخالفین کو خوش کرنے کیلئے انتظامیہ کا اٹھایا قدم ہے۔ انہوں نے کہا ڈاکٹر نوید رونیال کو سرکار کی طرف سے اس طرح فراموش کرنے کا عمل زمینی سطح پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کے لیے ایک سبق ہے جو اس وبائی مرض میں دن رات کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ ورکروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈانیس کا کام انجام دینے کے دوران انتہائی احتیاط برتیں ۔ انہوں کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے پیروکار کی حیثیت سے ، میں جانتا ہوں کہ جو بھی وبائی امراض کی وجہ سے مرے گا ، اسے شہید کے طور پر انعام دیا جائے گا اور وبائی امراض کے دوران لوگوں کی خدمت اور موت کو گلے لگانا دوہرا ثواب ہے۔لیکن ایک باپ کی حیثیت سے مجھ پر فرض تھا کہ میں ان نااہل بزدل حکام کو بے نقاب کروں اور اب آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔