سرینگر// سرینگر میں کل ایک پر وقار تقریب میں وادی کے معروف معالج اور قلمکار ڈاکٹر نذیر مشتاق کو ان کی طبی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہیں اس اعزار سے اسلامک ریلیف اینڈ ریسرچ ٹرسٹ کی سالانہ تقریب میں نوازا گیا ۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر نذیر مشتاق نہ صرف ایک سرکردہ ڈاکٹر ہیں بلکہ انہیں ادبی اور علمی دنیا میں بھی ایک اہم مقام حاصل ہے۔ تقریب میں منتظمین نے ڈاکٹر نذیر مشتاق کو اعزاز سے نوازتے ہوئے کہا کہ موصوف 1951ء میں سوپور کے ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے ہیں اور انہوں نے ایم بی بی ایس اور ایم ڈی کی ڈگریاں امتیاز کے ساتھ حاصل کیں اور بحیثیت ڈاکٹر وادی کے دور دراز علاقوں میں لوگوں کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ کافی عرصہ تک ڈاکٹر نذیرایران میں بھی مقیم رہے ، جہاں انہوں انہوں نے مختلف طبی تحقیقات میں حصہ لیا اور سال 1988ء میں ان کو بیسٹ ایران میں بیسٹ فزیشین آف دی ایر کا ایوارڈ ملا۔ ڈاکٹر نذیر مشتاق کے کارناموں میں ایک بڑا کارنامہ یہ بھی شامل ہے کہ انہوں نے میڈیسن اور طبی شعبے سے متعلق معلومات کو اُردو اورکشمیری زبانوں میں عوام تک پہنچا دیا ۔ وہ ایک طویل عرصے تک کشمیر عظمیٰ میں طبی کالم لکھتے رہے ، جس میں وہ آسان اور عام فہم زبان میں عوام کو طبی معلومات بہم پہنچاتے تھے ۔ اسلئے علاوہ وہ ایک مقامی ٹی وی چینل پر کشمیری زبان میں عوام کو صحت سے متعلق مسائل کے بارے میں جانکاری اور رہنمائی فراہم کرتے رہے ہیں۔ڈاکٹر نذیر مشتاق نے ایک ’’کشمیر ہیلتھ ایورنیس سوسائٹی ‘‘ کے نام سے ایک غیر سرکاری تنظیم کی داغ بیل بھی ڈالی تھی ، جسکے اہتمام سے وادی کے مختلف علاقوں میں سرکردہ معالجین کے تعاون سے طبی کیمپوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔
ڈاکٹر نذیر مشتاق کو طبی خدمات کے اعتراف میں اعزاز
