سرینگر// وادی میں پرتنائو صورتحال کے پیش نظر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ لوگوں کو یقین دہانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کو وادی کی موجودہ صورتحال،جس میں ممکنہ سرگرمیوں کے نتیجے میں اضافہ ہوا،کے بارے میں آگاہ کیا۔ادھر عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ٹیوٹر پر پیغام درج کرتے ہوئے اسکی اطلاع دیتے ہوئے کہا’’ نیشنل کانفرنس صدر نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بات کی اور انہیں وادی میں فی الوقت تنائو پھیلنے سے متعلق آگاہ کیا‘‘۔ ایک اور ٹویٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا کہ ڈاکٹر فاروق نے راجناتھ سنگھ کو بتایا کہ بازاروں تنائو،اور پیٹرول پپموں کے سوکھے چلنے کے علاوہ ممکنہ سرگرمیوں کی وجہ سے پہلے سے ہی ابتر صورتحال میں مزید اضافہ ہوا ہے۔