ڈاکٹر فاروق نے جموں میں انتخابی مہم شروع کردی

جموں//نیشنل کانفرنس صدر و ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے این سی کے حمایت یافتہ کانگریس امیدواروں کاتعارف پیش کرتے ہوئے کہاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد بھارت کو سیکولررکھنے اور تفریق پسند سیاست سے محفوظ بنانے کیلئے کیاگیاہے ۔ڈاکٹر فاروق جو این سی۔کانگریس کے حلقہ انتخاب سرینگر سے مشترکہ امیدوار ہیں ، نے رمن بھلہ اور وکرما دتیا کی موجودگی میں پارلیمانی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کو بتایا’’ہم نے یہ قربانی ایک مقصد کیلئے دی ہے ، بھارت کو سیکولر ملک اور مضبوط رکھناہے ، اس کے علاوہ کوئی دوسرا مقصد نہیں ‘‘۔انہوںنے کہاکہ ملک کو بچانے کیلئے وہ اکٹھا ہوگئے ہیں اور وہ کانگریس کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی طرف سے بھرپور حمایت دی جائے گی ۔نیشنل کانفرنس صدر نے کہا’’ہم نے ریاست ہی نہیں بلکہ اس ملک کو ایسی طاقتوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اتحاد کیاہے جو مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کررہی ہے‘‘۔ان کاکہناتھاکہ وہ اس ملک میں رہتے ہیں جسے اس کے سیکولر نظریہ کے مطابق اس طرح سے مضبوط بناناہے جیسا مہاتماگاندھی نے سوچا۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے وکرمادتیا سنگھ نے حمایت دیئے جانے پر نیشنل کانفرنس صدر کاشکریہ ادا کیا ۔ان کاکہناتھا’’اتحاد بہت ہی مثبت اشارہ ہے ، اس الیکشن میں ہم ’آخری فرد آخری گولی‘ کی طرح لڑیں گے اور زمینی سطح پرکامیابی کو یقینی بنائیں گے ‘‘۔واضح رہے کہ وکرمادتیا سابق صدر ریاست کرن سنگھ کے فرزند ہیں جو اس سے قبل پی ڈی پی کی طرف سے ممبر قانون ساز کونسل رہ چکے ہیں تاہم گزشتہ برس انہوں نے اپنے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور بعد میں کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ ان کے والد ڈاکٹر کرن سنگھ بھی ڈوڈہ ۔اودھمپور نشست سے چار مرتبہ ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں ۔وہیں رمن بھلہ سابق کانگریس۔ این سی حکومت میں کابینہ وزیر کے درجے پر فائز رہ چکے ہیں اور اسمبلی کا چنائو گاندھی نگر جموں حلقہ سے لڑتے رہے ہیں۔