سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس مبارک پر ریاست کے لوگوں خصوصاً ریاست کے فرزندانِ توحید کو مبارک باد پیش کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ (حضرت شاہ ہمدانؒ) کے پاک مشن، علمی اور روحانی کمالات ، انمول اور لافانی ملی کوششوں ، تبلیغ دین واشاعت اسلام کی بدولت ہی ریاست کا چپہ چپہ اسلام کے نور سے منور ہوا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے طفیل ہی ریاست کے لوگ موجودہ شہرہ آفاق دستکاری اور صنعت و حرفت سے بھی روشناس ہوئے۔پارٹی کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی تعلیم پوری عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر(ایڈوکیٹ) اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امیر ہمدانؒ نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت عالم اسلام کیلئے مشعل راہ ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈرعرفان احمد شاہ نے بھی عرس شاہ ہمدان ؒ پر مبارک باد پیش کیا ہے۔