مینڈھر//ماہر تعلیم ڈاکٹرشہزاد ملک نے مینڈھر کے دور دراز علاقہ سنگیوٹ کا دورہ کر کے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا ۔اس اجلاس میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مقامی لوگوں و پنچایتی اراکین نے علا قہ کی عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی طرف سے علاقہ کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میںسڑک،بجلی اور پانی کی نہائت ہی خستہ حالت ہے لیکن متعلقہ افیسر دھیان نہیں دے رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سنگیوٹ کے اندر ایک ہسپتال کی عمارت کئی سالوں سے زیر تعمیر ہے لیکن متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کی وجہ سے ابھی تک اس کو مکمل نہیں کیا جاسکا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ سنگیوٹ میں طبی نظام کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ تعلیمی نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے لیکن مقامی اور ریاستی انتظامیہ کی جانب سے دیہی علا قوں کی تعمیر و ترقی کی طرف کوئی دھیان نہیں دی جارہا ہے ۔ڈاکٹر شہزاد ملک نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ آفیسران سے بات چیت کر کے ان کو حل کروایا جائے گا ۔