بیجنگ //چین میں شدید بارشوں اور سیلاب نے نظام زندگی کو بْری طرح متاثر کردیا جبکہ مختلف واقعات میں 29افراد ہلاک ہوگئے۔غیر چین کے صوبے شانڑی میں بارشوں اور سیلاب میں 29افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ بارشوں اور سیلاب سے 10 لاکھ 75 ہزار شہری متاثر ہوئے جبکہ 19 ہزار 500 گھر تباہ ہونے کے سبب 1 لاکھ 20 ہزار شہری نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔خبر ایجنسی کے مطابق صوبہ شانڑی میں سیلابی ریلوں سے ڈیم کے بند ٹوٹ گئے جس نے قریبی علاقوں کو شدید متاثر کیا۔مقامی حکام نے منگل کو بتایا کہ عام طور پر خْشک رہنے والے اس علاقے میں تین مہینے کی بارش ایک ہفتے کے اندر ہوئی۔سیلاب سے کوئلے سے مالا مال علاقہ ایک ایسے وقت پر متاثر ہوا ہے جب ملک بھر میں توانائی کا بحران ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے مقامی افسر وانگ کیروی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سیلاب کی وجہ سے صوبے میں کم از کم 60 کانیں عارضی طور پر بند کی گئیں تھیں۔ تاہم اب چار کے علاوہ تمام کانوں میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔