سرینگر//معروف سینئروکیل ظفراحمدشاہ نے وادی کی تاجراور صنعتی برادری پر آپسی اتحاداور یکجہتی کو برقرار رکھنے پر زوردیا ہے۔کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکیٹیوکمیٹی کے انتخاب کیلئے یونائیٹڈ21کی پینل کے امیدواروں کی ایک غیررسمی میٹنگ میںیہاں ایک مقامی ہوٹل میںکشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی بھاری تعداد موجودتھی۔اس موقعہ پریونائیٹڈ21کے اغراض ومقاصد کوتفصیلی طور پیش کیاگیا۔میٹنگ میں معروف وکیل ظفراحمدشاہ نے بطور ادارہ کشمیرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اس کے ممبران کے ساتھ انفرادی طور اپنی وابستگی پرروشنی ڈالتے ہوئے چیمبر کے ممبران کی اُن کوششوں کی سراہنا کی جووہ اتحاد کیلئے کررہے ہیں۔انہوں نے سوالیہ اندازمیں پوچھا کہ ہمارے چھوٹے سے سماج میں کیوں بہت ساری انجمنیں اور تنظیمیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار دکانداروں نے ایک ایسوسی ایشن بنائی ہے ،جس کاایک صد ر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاجربرادری کے مجموعی مفاد کے بالکل منافی ہے اور انجمنوں کے تصور کے بالکل خلاف ہے۔انہوں نے جموں کشمیرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ بار ایسوسی ایشن نے ان تمام کوششوں کاتوڑکیاجن کامقصد بار کوچھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کرناتھا۔انہوں نے کہا کہ سماج کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اختلافات کے باوجود ایک ہوکر کام کرنا ہے۔انہوں نے میٹنگ میں موجودممبران سے کہا کہ وہ عہدوں اور القاب کو بھلا کر تجارت اور کامرس کے ساتھ جڑے ضرورت مند اور بے نوالوگوں تک پہنچنے کو کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیرچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے معرض وجود میں لانے کا مقصدتجارت وصنعتوں سے جڑے لوگوں کے مفادات کاتحفظ کرناتھااور یہ تب ہی ممکن ہے جب ایک متحدلیڈرشپ کی کمان ہو۔انہوں نے ریاست جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن کے ساتھ کئی حلقوں کی طرف سے چھیڑچھاڑکی کوششوں کیخلاف تاجر طبقے کی حمایت کی سراہناکی۔ میٹنگ سے کئی معروف تاجروں اور صنعت کاروں جن میں حاجی خضر محمدڈارمشتاق احمد چایا،محمدیاسین خان،غلام رسول شاہ،شوکت چودھری شامل ہیں ،نے خطاب کیا۔ اس موقعہ پرشیخ عاشق احمدنے وادی کی اقتصادیات کودرپیش مشکلات کا مجموعی خاکہ پیش کیا۔انہوں نے کہاکہ یونائیٹڈ21کی ٹیم میں وہ افراد شامل ہیں ،جو وادی کی اقتصادیات کودرپیش مشکلات کا مقابلہ کرنے کا تجربہ اور قوت رکھتے ہیں۔
چیمبرآف کامرس کے یونائیٹڈ21 پینل امیدواروں کا اجلاس
