سرینگر// ریاستی وزیر تعلیم سعید محمد الطاف بخاری کی خصوصی ہدایات کے تحت آج ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ سرینگر میں سوشل سائنس اور دیگر مضامین کا چیف منسٹرس۔سُپر ففٹی کوچنگ پروگرام کے تحت تحریری امتحان منعقد ہوا جس کا مقصد طالب علموں کو آئی اے ایس،کے اے ایس اور دیگر ایسے ہی قومی و ریاستی سطح کے تحریری امتحانات کیلئے مفت کوچنگ فراہم کرنا ہے۔ امتحان میں قریب400 اُمیدوار شامل ہوئے جن میں سے 50 اُمیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جارہا ہے اس تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے طالب علموں کو ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے 6 ماہ کی خصوصی کوچنگ فراہم کی جائے گی۔ تربیتی پروگرام کیلئے مقامی اور بیرون ریاست کے ماہرین طالب علموں کو کوچنگ فراہم کریں گے۔ اس کے علاہ طلاب کو مفت تعلیمی مواد اور دیگر تمام سہولیات دستیاب رہیں گی۔ اس غیر معمولی اور اپنی نوعیت کے پہلے کوچنگ پروگرام کے بارے میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی یہ کوشش ہے کہ طالب علموں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر کوچنگ کے مواقعے فراہم کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر تعلیم سعید محمد الطاف بخاری اور سیکرٹری ایجوکیشن کشمیر فارق احمد شاہ کی ہدایات کے تحت ہی ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکشن کشمیر کی جانب سے ایسے غیر معمولی اور انقلابی اقدامات جاری رہیں گے۔انہوں کہا کہ یہ کوچنگ پروگرام ابتدائی طور پر گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ میں چلایا جائے گا اور بعد میں اس پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔واضح رہے تحریری امتحان کے صحیح جوابات سے متعلق KEY ڈائریکٹوریت کی ویب سائٹdsek.nic.in پر 2 جنوری کومشاہدہ کیا جاسکتا ہے جبکہ تحریری امتحان کے نتایج کا اعلان اگلے 3 روز میں کیا جائے گا اور کوچنگ پروگرام رواں ماہ کی 8 تاریخ سے ہی شروع کیا جارہا ہے۔