چیف سیکریٹر ی نے مشن یوتھ کا جائزہ لیا

 جموں//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو اِن کی ضروریات اور خواہشات کے مطابق ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ فائدہ مند روزگار حاصل کرسکیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمندی اور اَپ سِکلنگ پر تیزی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف بہتر ملازمتوں کے لئے بلکہ انہیں اَپنے منصوبے قائم کرنے کے قابل بنایا جاسکے ۔ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ ہنرمندی کے پروگرام کو ’’ کمانا سیکھیں‘‘ کے تصور کے اَنداز میں ہونے چاہئیں۔ چیف سیکریٹری نے اِن باتوں کا اِظہار مشن یوتھ کے تحت ہونے و الی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا جو کہ جموںوکشمیر میں بے روزگار 50,000 نوجوانوں کو فائدہ مند روزگار کے ذریعے بااِختیار بنانے کے ایک پر جوش پروگرام ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مشن کو نوجوانوں کو بااِختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ وہ نئے اور آنے والے 225 ورثے ، سیاحتی ، ٹریکنگ کے مقامات اور سائٹس پر اَپنے منصوبے شروع کرسکیں / معاشی سرگرمیاں شروع کریں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سی اِی او  مشن یوتھ سے کہا کہ وہ ان 225 نئے اور آنے والے سیاحتی / وراثت / ٹریکنگ سائٹس / راستوں میں اور ان کے آس پاس کے نوجوانوں کو ہنرمندی اور مدد کے لئے اِستعمال کریں تاکہ وہ زندگی گزارنے کے قابل ہوجائیں ۔