سرینگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے سول سیکرٹریٹ سرینگر کا دورہ کر کے گرمائی دارلخلافہ میں دربارمؤ دفاتر کھولنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔سول سیکرٹریٹ اور دیگر مؤدفاتر آج یعنی سومو ار 6؍ مئی 2019ء کو سرینگر میں کھلیں گے ۔یہ دفاتر 26؍ اپریل 2019ء کو جموںمیں بند ہوئے تھے۔چیف سیکرٹری نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کر کے وہاں گورنر سیکرٹریٹ اور دیگر دفاتر کا معائینہ کیا۔انہوںنے سول سیکرٹریٹ میں میٹنگ ہال میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔صوبائی کمشنر کشمیر ، سیکرٹری جی اے ڈی ، آئی جی پی کشمیر ، ڈی آئی جی سی کے آر ،ڈی سی سری نگر ، ایس ایس پی سیکورٹی سول سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹر ایسٹیٹس کے علاوہ دیگر کئی افسران ان کے ہمراہ تھے۔بعد میں چیف سیکرٹری نے سر ی نگر میں مختلف جگہوں پر قائم سرکاری ملازمین کے رہائشی کوارٹروں کا بھی دورہ کیا۔اُنہوں نے وہاں صفائی ستھرائی ، پینے کے پانی اور بجلی کی دستیابی کے علاوہ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔چیف سیکرٹری نے راج باغ علاقے میں کئی ہوٹلوں کا بھی دورہ کیا جن میں سرکاری ملازمین کے لئے اقامتی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔اُنہوں نے وہاں ملازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔چیف سیکرٹری نے تلسی باغ فلیٹوں میں قیام پذیر کئی ملازمین کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُنہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔چیف سیکرٹری نے اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا۔انہوںنے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ دربامؤ ملازمین کے سری نگر میں قیام کے دوران اُنہیں تمام سہولیات فراہم کریں تاکہ انہیں کسی بھی دِقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔