جموں//چیف سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) اور جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) کی بھرتی عمل کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔چیف سیکریٹری نے اِس بات پر زور دیا کہ وہ بھرتی عمل میں شفافیت حکومت کی بنیادی مقصد میں سے ایک ہے اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اِقدامات کرنے کی ہدایت دی۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ جموںوکشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے حال ہی میں زائد از 2,000 اَسامیوں کے اُمیداروں کی بھرتی کی ہے۔چیف سیکریٹری نے ایس ایس بی کو رواں مالی سال کے آخیر تک مختلف محکموں کی طرف سے ریفر کردہ 10,000 اَسامیوں کے لئے بھرتی عمل مکمل کرنے کو کہا۔ اِس کے علاوہ سب انسپکٹروں کی 1,200 اَسامیوں کے لئے بھی مارچ تک بھرتی عمل مکمل کرنے کا ہدف دیا۔ محکمہ ایڈمنسٹریشن سے کہا گیا کہ وہ ایس ایس بی کو اِضافی اَفرادی قوت فراہم کرے تاکہ مقررہ وقت پر بھرتیوں کو یقینی بنایا جاسکے۔میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا کہ اِنتظامی ، پولیس اور اکائونٹس کیڈروں میں اَفسران کی بھرتی کے لئے مشترکہ مقابلہ جاتی اِمتحان سالانہ منعقد کیا جائے گا۔اِس مقصد کی خاطر جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو متعلقہ محکموں کے ذریعے خالی اَسامیوں کے حوالے کے لئے ایک تفصیلی کیلنڈر جاری کرنے کی ہدایت دی گئی اور اِس کے بعد اِمتحان کا کیلنڈر پی ایس سی کے ذریعے لیا جائے گا۔