پونچھ // ضلع پونچھ میں کلہم ترقیاتی منظر نامے اور مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں و سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتوال ، کمشنر سیکرٹری آر اینڈ بی سنجیو ورما اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ کے ساتھ ڈاک بنگلہ میں ایک اعلیٰ سطحی ضلعی و سیکٹورل افسروں کی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے آغاز پر ڈی ڈی سی نے پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں اور فلیگ شِپ پروگراموں کی تفاصیل پیش کیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر طارق احمد زرگر نے چیف سیکرٹری کو آلات اور ڈاکٹروں بالخصوص ریڈیالوجسٹ کی کمی کے بارے میں جانکاری دی۔ ڈی ڈی سی نے استدعا کہ ایسی ہی سہولیات ضلع کے ایس ڈی ایچ ایس اور پی ایچ سیز میں بھی فراہم کی جائیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پون کوتوال نے کہا کہ حکومت ڈاکٹروں کی خالی پڑی اسامیوں کو پُر کرنے کے اقدامات کر رہی ہے تا کہ ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں طبی سہولیات میں بہتری لائی جاسکے۔میٹنگ کے دوران ڈی ڈی سی نے132 کے وی ٹرانسمیشن لائین کو بحال کرانے کا معاملہ بھی اُٹھایا۔ چیف سیکرٹری نے متعلقین سے اس سلسلے میں تفاصیل حاصل کیں۔میٹنگ میں ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری میں حائل رکاوٹوں پر بھی غور و خوض ہوا۔ چیف سیکرٹری نے ایک ہفتے کے اندر تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ جاری ترقیاتی کاموں میں سرعت لائیں تا کہ ان پروجیکٹوں کے فوائد جلد از جلد لوگوں تک پہنچیں۔ بعد میں انہوں نے پونچھ میں زیر تعمیر سیکرٹریٹ عمارت، انڈور سپورٹس سٹیڈیم، آنگن واڑی آئی سی ڈی ایس سینٹر محلہ پرانی پونچھ پر جاری کام کا معائنہ کیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر طارق احمد زرگر، اے ڈی ڈی سی عبدالحمید، اے ڈی سی بشارت احمد، اے ایس پی انوار الحق، سُپرنٹنڈنٹ، ایگزیکٹو انجنیئر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔