بارہمولہ //شمالی قصبہ بارہمولہ کے چیر داری علاقے میں فورسز کیساتھ مختصر تصادم آرائی میں کولگام کا 8دن پرانا جنگجو جاں بحق ہوا۔ پولیس کے مطابق چیر داری علاقے میں جنگجو نے سیکورٹی فورسز کی ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی جو مختصر جھڑپ میں تبدیل ہوئی ۔ جوابی کارروائی کے دوران ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا ،جس کی شناخت جاوید احمد وانی ساکن کولگام کے بطور ہوئی ۔ پولیس کے مطابق مہلوک جنگجوکے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے اس حوالے سے بتایا کہ چیر داری بارہمولہ میں مستعد اہلکاروں نے جنگجوکے حملے کو ناکام بناتے ہوئے ایک مقامی جنگجو کو جاں بحق کیا۔ انہوںنے کہاکہ مہلوک جنگجو کے قبضے سے ایک پستول اور ایک پاکستانی گرینیڈ برآمد کیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ ہائبر ڈ جنگجو تھا اور اس کی ہلاکت فورسز کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ جاوید احمد وانی نے ہی گلزار احمد کے ساتھ مل کر 20اکتوبر کی شام ونپوہ کولگام میں غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی تھی۔ آئی جی نے دعویٰ کیا کہ مہلوک جنگجو بارہمولہ میں دکاندار کو قتل کرنے کی نیت سے آیا ہوا تھا لیکن مستعد اہلکاروں نے جنگجو کے منصوبے کو ناکام بنایا۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ جنگجو نانی بگ کولگام کا رہنے والا تھا جو 20اکتوبر سے لاپتہ تھا۔