کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کونسل کشتواڑ کی چیئرپرسن گزشتہ 10روز سے پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ تعمیر کررہی کمپنی و انتظامیہ کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور جمعہ کو بھی انکا احتجاج جاری رہا۔مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے و مالکان کو معاوضہ فراہم کرنے کولیکر احتجاج کیا جارہا ہے اور11روز گزرجانے کے بعد بھی انتظامیہ کی جانب سے انکے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیاہے۔ انکی حمایت میں جہاں سیاسی ،سماجی تنظیمیں سامنے آئی ہیں وہیں علاقہ دچھن کی عوام نے بھی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ پکل ڈول پاور پروجیکٹ کی تعمیر سے متاثر علاقہ دچھن کے تباہ حال لوگ کئی برس سے اپنے حقیقی مسائل اور مطالبات کو لے کر سراپااحتجاج ہیںجبکہ گزشتہ ایک سال سے چیئرپرسن مسلسل متاثرین کے مسائل اور مطالبات جے پی کمپنی، ضلع انتظامیہ ،این ایچ پی سی اور گورنر انتظامیہ کے سامنے حل کے لئے پیش کر رہی ہے لیکن بدقسمتی سے آج تک ان مسائل کے حل کی جانب کوئی خاطر خواہ توجہ نہ دی گئی۔عوام نے کہا کہ اگر یہ حال ضلع کی چیئرپرسن کا ہے تو اسی سے عوام کی مشکلات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ غریب عوام کا کیا حال ہوگا۔