چھجلہ ۔کُرلاہ واٹر سپلائی سکیم 5ماہ سے مکمل بند

مینڈھر //مینڈھر کے سرحدی علاقہ چھجلہ میں بنائی گئی چھجلہ ۔کُرلاہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 5ماہ سے مکمل بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے کئی سرحدی دیہات میں پینے کے صا ف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ کے میکینکل شعبہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مشینری کو ٹھیک کرنے کیلئے کوئی عملی کام نہیں کیاجارہا ہے جس کی وجہ سے صارتحال مزید ابتر ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی شدید قلت کی وجہ سے علاقہ مکینوں با لخصوص خواتین میلو ں دور قدرتی چشموں اور نالوں سے پینے کیساتھ صاف پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ علاقہ میں مویشیوں کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ میکینکل شعبہ کے ملازمین کی انتہائی درجہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سیول شعبہ کے ملازمین ہمیشہ موٹر و دوسری مشینری کے خراب ہونے کا بہانہ بناتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی قلت کو لے کر انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام متعلقہ محکمہ کے فیلڈ اور اعلیٰ آفیسران سے بھی رابطہ کیا لیکن انہوں نے طفیل تسلیاں دے کر لوگوں کو گھروں میں واپس بھیج دیا جس کی وجہ سے گزشتہ 5ماہ سے واٹر سپلائی سکیم مکمل بند پڑی ہوئی ہے ۔علاقہ مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیم کی خراب مشینری کی مرمت کروانے کیساتھ ساتھ میکینکل شعبہ کے لاپرواہ ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی سنجیدگی کیساتھ کریں ۔