چھانہ پورہ میں بزرگ شہریوں کیلئے تفریحی مرکز ’’احاطہ وقار‘‘کا افتتاح

 سرینگر// ریاستی ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے کل پرایمری ہیلتھ سنٹر چھانہ پورہ میں بزرگ شہریوں کیلئے اپنی نوعیت کے پہلے ’’ احاطہ وقار ‘‘ نامی ڈے کئیر تفریحی مرکز کا افتتاح کیا ۔ اس مرکز میں لائیبریری ، تفریحی ہال ، ریڈنگ روم ، پینٹری ، کونسلنگ سنٹر اور فیزیوتھراپی کی سہولیات دستیاب رہیں گی ۔ اپنے خطاب میں جسٹس گیتا متل نے بزرگ شہریوں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ تفریحی مرکز کا قیام ان بزرگ شہریوں کے تئیں اُن کی خدمات کیلئے ایک تحفہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر علاقوں میں بھی ایسے مراکز قایم کئے جائیں گے تا کہ بزرگ شہریوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مراکز میں بزرگ شہریوں کو نہ صرف سہولیات دستیاب رہیں گی بلکہ انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم بھی مہیا ہو گا جہاں وہ اپنے تجربات بانٹ سکیں گے ۔ انہوں نے سوابھیمان پریسرمیں دستیاب سہولیات کا بھی ذکر کیا جس کو دہلی میں اُن کی نگرانی میں بزرگ شہریوں کیلئے قایم کیا گیا تھا ۔ سٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چئیر مین جسٹس راجیش بندھل اور ریاستی ہائی کورٹ کے جج علی محمد ماگرے نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی سرینگر کے چئیر مین عبدالرشید ملک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ تقریب پر ریاستی ہائی کورٹ کے جج تاشی ربستن ، رشید علی ڈار ، رجسٹرار جنرل سنجے دھر ، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، ڈپٹی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری جواد احمد ، جے کے ہاوسنگ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ، ناظمِ صحت کشمیر ، ناظمِ باغبانی کشمیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ تقریب میں بزرگ شہریوں اور وکلاء کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔