چھانہ پورہ سرینگر میں گرینیڈ حملہ

سرینگر//چھانہ پورہ سرینگرعلاقے میں نا معلوم افراد نے سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پرہتھ گولہ پھینکا ، جس کے دھماکے سے ایک اہلکار اور ایک خاتون کو چوٹیں آئیں۔سی آر پی ایف ترجمان ابھے رام نے  بتایا کہ تقریباًایک بجکر 15منٹ پر نامعلوم مشتبہ جنگجوئوں نے 29بٹالین سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر دستی بم پھینکا، جو پولیس چوکی چھانہ پورہ کے متصل روزانہ ڈیوٹی دے رہے تھے۔گرینیڈ  زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے آہنی ریزوں کی زد میں آکر کانسٹیبل جتیندر کمار زخمی ہوا جبکہ راہ چلتی ایک خاتون کو بھی چوٹیں آئیں۔پولیس نے کہا ہے کہ دونوں کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں نزدیکی سب ڈسٹرکٹ اسپتال چھانہ پورہ لیا گیا۔جہاں انکا علاج معالجہ کیا گیا۔ حملے کے فوراً  بعد پولیس اور فورسزے علاقے کو محاصرہ میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔ پولیس پوسٹ کے باہر کچھ دیر تک سرینگر چاڑورہ روڑ پر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی اور بعد میں گاڑیوں کی تلاشیاں بھی لی گئیں۔پولیس کے مطابق فورسز اہلکار کو معمولی چوٹیں آئیں تاہم خاتون کے بارے میں پولیس نے تصدیق نہیں کی۔