چھاتی کے سرطان کے بڑھتے ہوئے واقعات

 ڈوڈہ //'صحت مند خواتین تندرست ڈوڈہ' کے موضوع پر گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں شعبہ زچگی و امراض نسواں کی جانب سے چھاتی کے سرطان کی سکریننگ کے حوالے سے مفت آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر وکاس شرما نے بانی پرنسپل ڈاکٹر طارق آزاد و موجودہ پرنسپل ڈاکٹر نور علی کی موجودگی میں کیا۔ ڈاکٹر اشرف علی خان کنسلٹنٹ لیب کوآڈینیٹر نے چھاتی کے کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی خواتین میں چھاتی کے سرطان کی علامت باقی کینسروں کے مقابلے 27 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دیگر ممالک سے زیادہ خواتین کی اموات اسی بیماری سے ہوتی ہے جن میں بیشتر کی عمر 50 سال تک ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری سے متعلق تعلیم و آگاہی کی کمی و اسکریننگ کی عدم دستیابی سے چھاتی کے کینسر کی تشخیص دیر سے ہوتی ہے۔اس کیمپ میں 25 سال سے زیادہ کی عمر کی خواتین نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔کیمپ میں موجود ماہر ڈاکٹروں نے ان کی طبی جانچ پڑتال کرکے صحت سے متعلق مشورے بھی دئیے۔