راجوری//سابق وزیر اور5مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی رہ چکے چودھری محمد حسین کی16ویں برسی کے سلسلے میں ترالاں علاقے میں دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر مرحوم کے فرزند سابق وزیر اورممبر قانون ساز اسمبلی درہال چودھری ذوالفقار علی بھی موجود تھے۔مقررین نے مرحوم کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ وہ مسلکی و طبقاتی منافرت کیخلاف پیش پیش رہے اور راجوری میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی بڑھاوادیا۔انہوں نے کہاکہ مرحوم کی سادہ مزاجی ، ایمانداری، دیانتداری اور غریب پروری کےلئے ان کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرحوم نے اپنے دور میں کوٹرنکہ میں36دفاتر قائم کروائے اور حلقہ انتخاب میں 36 سکولوں کو اپ گریڈ کروایا جبکہ روزگار کی فراہمی بھی اہم رول اد اکیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی نے کہا کہ راجوری پونچھ کے علاقہ میں ذات پات ، مسلکی اور طبقاتی منافرت کافی عروج پر رہی لیکن ان کے والد نے اس کے کیخلاف آواز بلند کی اور تمام لوگوں کو ایک نظر سے دیکھا ۔انہوں نے کہا کہ جس دور میں وہ قانون سازیہ کے ایوانوں میں رہے ،تب تمام طبقوں کو ترقی دینے کی بات کی اور ان کے معاملات کےلئے ایک لمبی لڑائی بھی لڑی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سامنے گوجر بکروال، پہاڑی، سنی، شیعہ، بریلوی نام کی کوئی چیز نہیں تھی اور یہی وجہ تھی کہ ان کو ہرایک طبقہ نے حمایت کی اور5بار ان کو ایوان میں بھیجا۔