کپوارہ//چوکی بل کرناہ سڑک پسیاں گرآنے کی وجہ سے دوبارہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند ہوگئی ہے جبکہ میلیال کیرن اورسرکلی مژھل سڑکیں گزشتہ سات روز سے بند پڑی ہیں اوران علاقوں کے درماندہ مسافروں کو مشکلات کاسامنا ہے ۔حالیہ برف باری کے نتیجے میں سرحدی ضلع کپوارہ کے کیرن ،مژھل اور کرناہ کو جانے والی سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند ہوئی تھیں، تاہم محکمہ بیکن نے چوکی بل کرناہ سڑک سے برف ہٹا کر منگل کے روزاِسے گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے قابل بنا دیا ۔معلوم ہوا ہے کہ بدھ کی دوپہر کو مذکورہ سڑک پر بھاری پسیا ں گر آنے کی وجہ سے انتظامیہ کو دو بارہ سڑک بند کرنی پڑی ۔اس دوران میلیال کیرن اور سرکلی مژھل سڑکیں بھاری برف باری کے بعد گزشتہ7روز سے بند پڑی ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے درماندہ مسافر سخت پریشان ہیں ۔انہو ں نے مطالبہ کیا کہ اِن سڑکو ں سے فوری طور برف ہٹا کر انہیں گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے قابل بنا دیا جائے تاکہ وہ اپنی منزلو ں کو پہنچ جائیں ۔ضلع کے بڈنمل اور جمہ گنڈ کی سڑکیں گزشتہ اڑھائی مہینو ں سے بند پڑی ہیں ۔ان علاقوں کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ جنوری کے وسط میں ان علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی جس کی وجہ سے زرہامہ جمہ گنڈ اور چوکی بل بڈنمل سڑکیں گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بند ہوگئی ، لیکن تا حال ان سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے قابل نہیں بنایا گیا جس کے نتیجے میں ان علاقوں کے لوگ ضلع اور تحصیل صدر مقام تک کئی روز کے بعد پہنچ جاتے ہیں ۔جمہ گنڈ اور مژھل کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں تمام ضروریات زندگی کی چیزیں نایاب ہیں اور لوگو ں کو تکلیف دہ صورتحال کا سامنا ہے ۔مقامی لوگو ں نے ان علا قوں کو جانے والی سڑکو ں سے فوری طور برف ہٹانے کا مطالبہ کیا ۔
بہنی پورہ سڑک پر گرآئی چٹانیں فوری طور ہٹائی گئیں
اشرف چراغ
کپوارہ//ہندوارہ کے بہنی پورہ اور راجپورہ کے درمیان خشکی کے مقام پر سڑک پر گر آئی چٹانوں کومتعلقہ محکمہ نے فوری طور ہٹانے کاکام شروع کیا اور کئی گھنٹوں کی محنت کے بعدسڑک کوگاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنادیاگیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سب ضلع ہندوارہ کے بہنی پورہ اور راجپورہ کے درمیان خشکی کے مقام پر پسیا ں گرآ نے کے نتیجے میں متعدد علاقوں کا رابطہ سب ضلع ہیڈ کواٹر ہندوارہ سے کٹ کر رہ گیا ۔مقامی لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا حالیہ بارشو ں کی وجہ سے راجپورہ اور بہنی پورہ راجواڑ کے درمیان خشکی کے مقام پر چٹانیں گر آنے کی وجہ سے سڑک متعدد بار بند ہوئی، تاہم منگل کی شام کو سڑک پر دوبارہ پسیا ں گر ائیں جس کے نتیجے میں مذکورہ سڑک گا ڑیو ں کی آ مد و رفت کے لئے بند ہوگئی تاہم متعلقہ محکمہ نے سڑک پر پسیا ں ہٹانے کا کام ہنگامی بنیادو ں پر شروع کر کے کئی گھنٹو ں کے بعد سڑک کو گا ڑیو ں کی آمد ورفت کے لئے بحال کر دیا ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کی چابکدستی کی سراہنا کی ۔
رفیع آباد بارہمولہ کی بیشتر سڑکیں خستہ حال
فوری مرمت کرنیکا مقامی لوگوں کامطالبہ
فیاض بخاری
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے کے بیشتر سڑکیں کافی خستہ ہوچکی ہیں جس کے باعث مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پر الزام عائد کیا ہے کہ بونیار سے ڈنگی وچھہ سے حمام ، روہامہ سے لدو اور کنڈی بیلٹ کی بیشتر رابطہ سڑکیں خستہ ہو چکی ہیںاور معمولی بارشوں کے ساتھ ہی سڑکیںتالابوں میںتبدیل ہوجاتی ہیں۔ ایک مقامی شہری مظفر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایاکہ اس سال برفباری زیادہ ہونے کی وجہ سے سے سڑکیں جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کاشکار ہوگئی ہیں اور کئی جگہوں پر ڈرنیچ سسٹم بھی نہیں ہے ،تاہم حکام کی جانب سے سڑکوںکی مرمت کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان سڑکوں کو بار بار نظر اندز کیا گیا جس وجہ سے ان سڑکوںکی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں مطلع کیا ، تاہم انہوں نے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سڑکوں کی فوری طور مرمت کی جائے تاکہ لوگو ں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔