چند گام پلوامہ میں مسلح تصادم| 3جیش ملی ٹینٹ جاں بحق

پلوامہ// پلوامہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 7کلو میٹر دور چند گام ٹہاب نامی گائوں میں مسلح تصادم آرائی میں جیش محمد سے وابستہ 2 غیر ملکیوں سمیت 3ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ چند گام انکائونٹر فورسز کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے ایم 4اور اے کے 47 رائفلیں برآمد کی گئیں ۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کی شام انہیں ٹہاب کے نزدیک چند گام نامی گائوں میں آستان محلہ کے متصل ایک اور بستی میں ملی ٹینٹ موجود ہیں جس کے بعد دوران شب بستی کا محاصرہ کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کیلئے 55آر آر اور182بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں اور اس جگہ کے اردگرد ناکہ بندی کی گئی جہاں ملی ٹینٹ ممکنہ طور پر موجود تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ صبح ساڑھے 4بجے پہلے گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا جسکے بعد قریب 5بجے جھڑپ شروع ہوئی جو صبح ساڑھے 7بجے تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔ بعد میں بستی سے 3ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمدکی گئیں ، جن میں ایک دیرینہ ملی ٹینٹ اور اسکے 2غیر ملکی ساتھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ تینوں جیش محمد سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس نے مہلوک مقامی ملی ٹینٹ کی شناخت 2سال سے سرگرم اویس احمد میر ساکن اشمندر پلوامہ کے بطور کی ہے جو 18فروری 2020سے سرگرم تھا۔دو غیر ملکی ملی ٹینٹوں میں سے ایک کی شناخت طلحہٰ یاسر کے بطور ہوئی ہے۔ادھر کشمیر پولیس زون کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل نے آئی جی پی کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا، "،کہ تصادم میں جیش محمد کے 3عسکریت پسند مارے گئے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ مارے گئے جنگجوؤں کے قبضے سے ، اسلحہ اور گولہ بارود بشمول 2 ایم4 کاربائن اور 1اے کے سیریز  رائفل برآمد ہوئی۔ آئی جی پی نے بتایا چند گام انکونٹرہمارے لیے کامیابی ہے۔کمار نے کہا کہ یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہمیں ان پٹ مل رہے ہیں اور اس کی بنیاد پر ہم آپریشن شروع کر رہے ہیں۔ ۔انہوں نے کہا لوگ بھی ساتھ دے رہے ہیں۔ وادی میں امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور پتھراؤ کا کوئی واقعہ نہیں ہے۔ ہم اس بات کو بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔واضح رہے کہ جموںو کشمیر میں سال رواں کے ابتدائی5روز کے دوران 9ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں جن میں کئی غیر ملکی شامل ہیں۔