ڈوڈہ //سابق رکن قانون ساز کونسل و نائب صدر نیشنل کانفرنس محمد اقبال بٹ و سابق ایم ایل اے اندروال قاضی جلال الدین نے پارٹی سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ،جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر و ممبر پارلیمنٹ محمد اکبر لون کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں اور خطہ چناب میں درپیش عوامی مسائل و تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سابق ایم ایل سی نے پارٹی قیادت کو بتایا کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جہاں تعلیم یافتہ نوجوان ذہنی تناؤ کا شکار ہو چکے ہیں وہیں عام آدمی مہنگائی، رشوت خوری سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ و کشتواڑ کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہیں اور ان کے دور میں شروع کئے گئے تعمیری پروجیکٹ ادھورے پڑے ہیں۔ نائب صدر ضلع نے کہا کہ کوؤڈ 19 کے بحران کے دوران تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور نئی نسل کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیمی اداروں و طبی مراکز میں بنیادی سہولیات کی کمی، لاکھوں روپے کی لاگت سے زیر تعمیر پانی کی اسکیمیں نامکمل و بجلی کے شدید بحران سے عوام دوچار ہے۔ بٹ نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ وادی چناب کا تفصیلی دورہ کریں۔ فاروق عبداللہ نے انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کو لیفٹیننٹ گورنر کی نوٹس میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوؤڈ 19 کی مہلک وباء میں کمی آنے کے فوراً بعد وہ وادی چناب کا دورہ کرکے عوامی وفود و پارٹی ورکروں سے ملاقات کریں گے۔اس دوران سابق ایم ایل اے اندروال و سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر قاضی جلال الدین نے بھی کشتواڑ ضلع میں درپیش عوامی مسائل سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔