ڈوڈہ ضلع میں 500 کروڑ روپے کے سڑک بنیادی ڈھانچے منصوبے پر عمل جاری ،گڈی ، گراکا ۔ اموٹ سڑک کا سنگِ بنیاد رکھا
بھدرواہ//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت چناب وادی کی ہر ایک سڑک پر سال 2019 کے آخر تک تار کول بچھانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج بھدرواہ میں کئی عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر موصوف نے علاقے کی ترقی میں سڑکوں کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں بہتر سڑک رابطے فراہم کرنے کیلئے 500 کروڑ روپے صرف کر رہی ہے ۔ لوگوں کی طرف سے سامنے رکھی گئی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے متعلقہ محکمے کو ہدایات دیں کہ پروجیکٹوں کے اہداف وقت پر حاصل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بٹوت ۔ کشتواڑ سڑک ، گنپت پُل اور بھدرواہ ۔ چمبپ سڑک کو مکمل کیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع میں اگلے دو برسوں کے دوران پی ایم جی ایس وائی کے تحت 140 پروجیکٹ مکمل کئے جائیں گے ۔ وزیر نے گڈی گڑاکاں سے ہیموٹ تک تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو رہی سڑک کا بھی سنگِ بنیاد رکھا ۔ اس موقعہ پر تعمیراتِ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما بھی موجود تھے ۔ ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ پریہار ، ایم ایل سی فردوس ٹاک ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی سدھیر شاہ ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ایس پی منہاس ، ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکھوال ، ایم ڈی جموں کشمیر پروجیکٹ کنسٹریکشن کارپوریشن سید نعیم احمد کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ بھدرواہ جاتے ہوئے کئی مقامات پر مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مسائل وزیر کے نوٹس میں لائے ۔ پنجگرین میں لوگوں نے ڈگری کالج اور ڈسپنسری قایم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے وسائل پیدا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ دریں اثنا بھدرواہ میں بھی ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں نے بجلی ، پانی ، صحت ، صفائی ستھرائی اور تعلیم اور سڑک رابطوں سے جُڑے مسائل نعیم اختر کی نوٹس میں لائے ۔ اس موقعہ پر وزیر نے جانکاری دی کہ بھدرواہ میں سڑک پروجیکٹوں میں ہاٹ مکس پلانٹ کی قلت کی وجہ سے تاخیر ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ میں گورنمنٹ میڈیکل کالج اگلے دو برسوں کے دوران مکمل کیا جائے گا اور بھدرواہ سے جئے تک کی سڑک کو گندوہ کے ساتھ جوڑا جائے گا ۔