ڈوڈہ//علاقہ چلی پنگل کے کانگریس کارکنان کا ایک اجلاس بٹیاس بازار میں منعقد ہوا جس میں علاقہ کے کارکنان نے شرکت کر کے پارٹی کے تئیں اپنے عہدِ وفاداری کی تجدید کی اور ایم ایل اے اندروال اور سابق ایم ایل اے بھدرواہ محمد شریف نیاز کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر کے اُنہیں آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایم ایل اے اندروال کے نمائندہ کی حیثیت سے نوجوان لیڈر محمد اقبال ملک،مقامی پارٹی عہدیداران مسرت حسین نیائک سابق سرپنچ بٹیاس،عبدالمجید راہی،فیروز دین ملک سابق سرپنچ جکیاس،پرویز احمد گنائی سابق سرپنچ جکیاس بی،یونس رشیدملک سابق سرپنچ بدھلی، جان محمد نیائک،چوہدری ھاشم دین،ارشاد احمد وانی،محمد عباس ڈار،الحاج غلام حسین بٹ اورپرویز احمد بٹ کے علاوہ متعدد دیگر پارٹی عہدیداران و سینئر کارکنان بھی موجود تھے جنہوں نے سابق ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی دی پی اور بی جے پی کے غیر فطری اتحاد کو 1947ء کے بعد ریاست کی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا جس سے نہ صرف پی ڈی پی کا وجود ہی مٹ جانے کے قریب ہے بلکہ ریاست کی تعمیر و ترقی ٹھپ ہو کر رہ گئی اور اس تین سالہ دور میں ریاست کے لوگوں کا جو نقصان ہوا ہے اُسے پورا کرنے کے لئے برسوں درکار ہوں گے۔ مقررین نے کہا کہ سابق نا اہل حکومت کے دور میں زمینی سطح پر کوئی بھی کام نہیں ہوا ہے اور آج ریاست جس حال میں ہے وہ اسی حکومت کی دین ہیں۔تمام تعمیری اور ترقیاتی پرجیکٹ بند ہیں،سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہے،ملازم سڑکوں پر ہیں،کاروبار ٹھپ ہیں،مزدور رو رہا ہے اور غریب کی حالت بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے۔فرقہ پرستی اپنے عروج پر ہے اور حقیر مقاصد کے لئے مذہب اور ذات پات کے نام پر نفرت کی دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں اور فرقہ پرستوں کی کارستانیوں سے انسانیت شرمسار ہے۔مقررین نے کہا کہ 2014ء میں مودی و مفتی اور تبدیلی کی جو لہر چلائی گئی تھی اور اچھے دنوں کے جو خواب عوام کو دکھائے گئے تھے اُس کی تمام ہوا نکل چکی ہے اور لوگوں کو حقیقت معلوم ہو چکی ہے کہ یہ صرف دھوکہ تھا۔لوگ اس حکومت سے نجات حاصل کرنا چاہتے تھے اور اب جب کہ اس نا اہل حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہے ، لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔مقررین نے کہا کہ اندروال میں تو یہ طے ہے کہ غلام محمد سروڑی ریکارڈ فرق سے انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے مگر ہم نے صرف اندروال تک محدود نہیں رہنا ہے بلکہ چناب خطہ کی تمامام نشستوں پر پارٹی کے اُمیدواروں کے کامیابی کے لئے زبردست محنت اور جدوجہد کرنی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا تو اس خطہ سے مکمل صفایا ہو ہی چکا ہے ،بی جے پی سے بھی اس خطہ کو پاک کرنا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ریاست میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہو گی اور غلام نبی آزاد ریاست کے وزیرِ اعلیٰ ہوں گے اور ریاست کے لوگ ترقی کا ایک اور شاندار دور دیکھیں گے۔اجلاس کے بعد ایک ریلی نکالی گئے اور شرکائے اجلاس نعرہ بازی کرتے ہوئے پورے بازار میں گھومے اور جامع مسجد بٹیاس بازار کے پاس پہنچ کر مجمع منتشر ہوا۔