میدانی علاقوں میں وسیع پیمانے پرہلکی بارشیں ،48گھنٹوں کیلئے مزید پیشگوئی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر اور خطہ چناب و پیر پنچال کے پہاڑی سلسلوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور اب مارچ اپریل تک پہاڑ برف سے ڈھکے رہیں گے۔اتوار کو جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔اتوار کو ہی 40 دن کے سخت ترین سردیوں کے دورانیہ’ چلہ کلاں‘ کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ وادی کے لوگوں نے طویل خشک موسم کے بعد بارش دیکھی ہے۔حکام نے بتایا کہ شمالی کشمیر اور گاندربل ضلاع کے پہاڑی مقامات کے علاوہ بیشتر سیاحتی مقامات پر برف باری ہوئی۔حکام نے بتایا کہ سرینگر کرگل ہائی وے پر واقع سیاحتی مقام سونمرگ میں اتوار کی صبح برف باری شروع ہوئی اور یہاں 6انچ برف جمع ہوئی ۔حکام نے بتایا کہ سرینگر اور وادی کے دیگر مقامات پر رات بھر ہلکی بارش شروع ہوئی اور وقفے وقفے سے جاری رہی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران وادی میں برفباری اور بارش میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔ڈائریکٹر موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسمیاتی ایڈوائزری کپوارہ، بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کیلئے زیادہ تھی اور انہی تین اضلاع کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سونمرگ اور گلمرگ میں قریب 6انچ برف جمع ہوگئی جبکہ زوجیلا میں 8انچ، رازدان پاس پر 8انچ اور مژھل میں ایک فٹ برف گری۔انہوں نے کہا کہ پیر کی گلی اور سنتھن ٹاپ پر تقریباً 4انچ برف جمع ہوئی جہاں سنیچر کی رات سے ہی ہلکی برفباری شروع ہوئی تھی۔کپوارہ کے سادھنا ٹاپ پر ڈیڑھ فٹ کے قریب برف جمع ہو چکی ہے، جبکہ شمس بری پہاڑی سلسلہ، بنگس وادی، ٹاٹا اور راگنی جیسے بالائی علاقوں میں دو فٹ کے قریب برف جمع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ کیرن کی فرکیان گلی ، بڈنمل،مژھل اور جمہ گنڈ میں بھی برف باری ہونے کی اطلاع ہے ۔ادھرڈائریکٹر موسمیات نے مزید کہا کہ جنوبی اور وسطی و شمالی کشمیر کے میدانی علاقوں میں دن بھر ہلکی بارشیں ہوتی رہیں اور اسی بات کی پیشگوئی بھی کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ 22جنوری بروز پیر سہ پہر تک موسم کی صورتحال اسی طرح رہ سکتی ہے اور دور دور تک کہیں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔انکا کہنا تھا کہ پیر کو سہ پہر کے بعد کوئی موسمیاتی سرگرمی کا بہت کم امکان ہے اور 23دسمبر بروز منگل کو بھی اسی طرح کی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ سے وادی بھر میں ٹھنڈ میں اضافہ ہونا شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تک ٹھنڈ میں لگاتار اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش نے اتوار کو کشمیر میں کم سے کم درجہ حرارت کو بڑھا دیا اور سرینگر میں اس موسم سرما کی گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی جہاں4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر میں گلمرگ واحد مقام تھا جس نے صفر سے نیچے درجہ حرارت ریکارڈ کیا کیونکہ پارہ منفی 1.5 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔ پہلگام میں 2.5 ڈگری رہا۔
خطہ چناب
اتوار کی علی الصبح وادی چناب کے باقی علاقوں کی طرح ضلع رام بن اور بانہال کے علاقوں میں شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے شام تک جاری تھا اور اس دوران وادی چناب کے ڈوڈہ ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ۔اس دوران پیر پنجال کے پہاڑی سلسلوں کے علاہ بانہال ، گول ، رام بن ، ڈوڈہ ، بھدرواہ اور کشتواڑ کے پاڈر ، مڑواہ اور واڑون کے پہاڑوں پر تازہ برفباری کی اطلاعات ہیں ۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ کھلی | مغل روڑ، گریز، لداخ اور کیرن سڑکیں بند
محمد تسکین
بانہال+سرینگر //اتوار کو بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور شام تک ہزاروں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیوں نے دونوں طرف سفر کیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادہمپور ۔ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں رک رک کر بارشیں ہوئیںتاہم شاہراہ پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہا۔ادھر سنیچر کی شام دیر گئے پیر کی گلی مغل روڑ پر برفباری کیساتھ ہی اسے ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ لداخ شاہراہ کو بھی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا اور رازدان پاس پر برفباری کے بعد اسے بھی بند کیا گیا۔ سنتھن ٹاپ کو سنیچر کی سہ پہر ہی بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا تھا۔ برف باری کے بعد کیرن ،کپوارہ سڑک کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
۔ 15 پروازیں منسوخ
سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کو موسم کی خراب صورتحال کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا، جس کی وجہ سے14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔حکام نے بتایا کہ سرینگر ہوائی اڈے پر خراب موسم کی وجہ سے تقریباً 15 پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کر دی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ کم حد نگاہ اور موسم کی خراب صورتحال نے دوپہر تک پروازوں کی نقل و حرکت کو بری طرح متاثر کیا۔خراب موسم کی وجہ سے مسافروں کو بڑے پیمانے پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سے بہت سے ہوائی اڈے پر پھنسے ہوئے تھے۔حکام نے کہا کہ سہ پہر تک 14پروازیں منسوخ ہوئی تھیں جبکہ سہ پہر کے بعد ایک اور پرواز شیڈول تھی جو بعد میں منسوخ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ جو پروازیں منسوخ ہوئیں ان میںدلی کیلئے 6،ممبئی کیلئے 2،امرتسر کیلئے4،احمد آباد کیلئے ایک اور چندی گڑھ کیلئے ایک شامل ہے۔تاہم خراب موسم کے باوجود بھی 5پروازیں سرینگر آگئیں جن میں سے 3واپس چلی گئیں تاہم 2اڑان نہیں بھر سکیں۔ہوائی اڈے کے حکام نے مزید کہا کہ شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں موجودہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے، پروازوں میں تاخیر، ری شیڈولنگ اور منسوخی جاری رہنے کا امکان ہے۔