سرینگر //سردموسم کے بادشاہ 40روز پر محیط ’چلہ کلان‘ کے پہلے روز آسمان پر تھوڑے سے بادل تھے، جس سے رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی جبکہ وادی کے دیگر مقامات پر بھی اسی طرح کی بہتری دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ 21اور 22دسمبر کو دوردراز پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور برفباری ہوگی۔ غالباً اسی وجہ سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب منفی درجہ حرارت مین تھوڑی بہت بہتری دیکھنے کو ملی۔اب محکمہ موسمیات نے دوبارہ پیش گوئی کی ہے کہ وادی اور کرگل کے کچھ ایک علاقوں میں 26اور27دسمبر کی رات برف باری کا ہلکا مرحلہ متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق 26دسمبر تک موسم خشک رہے گا اور اس کے بعد 26دسمبر کی رات اور 27دسمبر کی رات کو کشمیر کے کچھ ایک علاقوں کے ساتھ ساتھ لداخ اور کرگل میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ 26تک رات کے کم سے کم درجہ حرات میں کمی دیکھنے کو ملے گی جبکہ 26اور27کو ہونے والی برف باری سے اس میں بہتری آئیگی ۔انہوں نے کہا کہ چلہ کلان میں موسم کے خوشگوار رہنے کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرات میں گراوٹ آسکتی ہے ۔وادی میں عمومی طور پر 21دسمبر سے شروع ہونے والے چلہ کلان کا عرصہ 40روز کا ہوتا ہے اور یہ سردی کے موسم کا دل کہا جاتا ہے۔
اسی موسم میں کٹراکے کی سردی پڑتی ہے، آبی ذخائر منجمند ہوتے ہیں، نل جم جاتے ہیں اور اگر برفباری ہوتی ہے تو برف اس قدر جم جاتا ہے کہ مارچ تک نہیں پگھلتا۔’سردی کا دل‘ کہلانے والے موسم کے 40دن قیامت کے ہوتے ہیں کیونکہ اسی میں منفی درجہ حرارت میں ریکارڈ تنزولی ہوتی ہے اور لوگ شدید سردی سے ٹھٹھرتے ہیں۔40روز کے بعد چلہ کلان رخصت ہوتا ہے لیکن اسکے بعد سردی کے مزید 2مرحلے آتے ہیں ۔’ چلہ خورد ‘20دن اور ’چلہ بچہ‘ 10دن پر محیط رہتے ہیں۔اگرچہ ان دنوں بھی شدید سردی پڑتی ہے ، بھاری برفباری بھی ہوتی ہے لیکن سردی نا قابل برداشت نہیں ہوتی اور برف بھی پگھل جاتی ہے۔21دسمبر سے 28یا 29فروری تک کا سردی کا موسم اہل وادی کیلئے کسی قیامت سے کم نہیں ہوتا۔پیر کو چلہ کلان کے پہلے روزاگرچہ موسم خشک رہا لیکن بیچ بیچ میں سورج بھی نمودار ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں اتوار او ر سوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرات منفی 4.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا، جو اس سے گذشتہ شب منفی 6.6تھا۔ پہلگام میں منفی 4.6 اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری رہا ۔کپوارہ میں منفی 2.5 ڈگری جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.6 اور منفی 3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔لداخ خطہ میں لگاتار درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے ۔کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.0 ڈگری رہا اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔