سرینگر //چلہ کلان کے 9ویں روز بھی وادی اور خطہ لداخ کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی درج کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں خطہ لداخ اور وادی متواتر سردی کی شدید لپیٹ میں ہے سخت ترین سردی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو شہر سرینگر میں ایک بار پھر کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ خطہ لداخ میں رواں موسم کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت درج کیا۔وادی میں سنیچر کو اگرچہ دن کے دوران ہلکی دھوپ نکلی تاہم سورج ڈھلنے کے بعد پھر سے ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس کی وجہ سے لوگوں کو سردی کی شدت سے بچنے کیلئے گھروں کا رخ کرنا پڑا ۔شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی کے نتیجے میں جھیل ڈل سمیت کئی دیگر آبگاہوں کی اوپری تہہ منجمدہوئی ہے جبکہ گھروں کے اندر اور باہر نصب پانی کے نل بھی جم جانے سے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو منفی7.7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ درجہ حرارت یہاں 28برس تھا لیکن جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات یہ درجہ حرارت منفی7.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس سیزن میں رات کا درجہ حرارت شہر میں معمول کے درجہ حرارت سے5ڈگری کم ہے ۔ قاضی گنڈ میں رات کا درجہ حرارت منفی6.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات یہ درجہ حرارت منفی6.7ڈگری تھا ۔کپوارہ میں رات کا درجہ حرارت منفی6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی8.3رہا جبکہ گزشتہ رات یہ درجہ حرارت منفی9.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی7ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ رات یہ درجہ حرارت منفی9.3ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔کوکرناگ میں رات کا درجہ حرارت منفی5.8ڈگری ریکارڈ کیا جبکہ گزشتہ رات کا درجہ حرارت یہاں منفی 5.5دگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔وادی کے ساتھ ساتھ خطہ لداخ میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لداخ کے لیہہ علاقے میں اس رات کے دوران کم سے کم درجہ حرارت گزشتہ رات کے منفی15.1ڈگری کے مقابلے میںمنفی17.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔یہ درجہ حرارت لیہ میں رواں سیزن کا سب کم ریکارڈ کیا گیا ۔قصبہ کرگل میں بھی رواں سیزن کا سب سے کم شبانہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ،یہاں منفی16.7ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔معلوم رہے کہ 40روزہ چلہ کلان کے ابھی 9روز ہی گزرے ہیں اور اس کی مدت 31جنوری کو ختم ہوگی تاہم ابتدا میں ہی چلہ کلان نے اپنے تیور سخت کرتے ہوئے لوگوں کو شدید سردی کا احساس دلایا ہے پچھلے 9روز میں لگاتار درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے جس سے وادی میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے کیونکہ وادی میں یخ کی وجہ سے گھروں کے اندر اور باہر نل جم گے ہیں بلکہ جھیل ڈل سمیت کئی دیگرآبگاہوں کی اوپری تہہ منجمدہوئی ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں تک وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیچ کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ آسکتی ہے ۔