سرینگر// محکمہ موسمیات نے 22اور 23فروری کو جموں وکشمیر میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔وادی کشمیر میں اگرچہ گذشتہ ایک ہفتے سے موسم خشک ہے اور دن میں دھوپ چھائوں کا کھیل بھی جاری رہتا ہے، تاہم شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21فروری تک موسم خشک رہے گا اور 22اور23فروری کو برف و باراں متوقع ہے۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ 21کی شام سے موسم میں تبدیلی آنا شروع ہو گی اور 22سے23تک جموں میں بارشیں ہوں گی اور وادی میں جنوبی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں ۔ معلوم رہے کہ وادی میں 20روزہ چلہ خورد کا آج آخری دن ہے۔چلہ خوردمیں اگرچہ بھاری برف باری اور بارشیں نہیں ہوئیں البتہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا ۔ آج شام سے سردی کے تیسرے اور آخری مرحلے ’ چلہ بچہ‘ کا آغاز ہونے جارہا ہے۔جس کا دورانیہ صرف 10روز کا ہے۔یکم مارچ سے موسم بہار کی باضابطہ آمد ہوگی۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.9 ، گلمرگ میں منفی7.5 اور پہلگام میں منفی5.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔کپوارہ میں منفی2.8 اور قاضی گنڈ میں منفی2.0 ریکارڈ کیا گیا ۔لداخ یونین ٹریٹری کے قصبہ دارس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی18.0، کرگل میں منفی14.0 اور ضلع لیہہ میں منفی8.1 ڈگری سلشیش ریکارڈ کیا گیا۔