عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سیب کی ٹرانسپورٹ پر بڑھتے ہوئے کرایوں کو قابو میں کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ صورتحال پر نظر رکھی جا سکے اور ریگولیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔ایک حکم نامےکے مطابق ٹرانسپورٹ کمشنر نے فوری طور پر خصوصی انفورسمنٹ ٹیموں کی تشکیل کی ہدایت دی ہے تاکہ باغبانوں اور تاجروں سے ناجائز اور غیر ضروری کرایے وصول کرنے کی روش پر روک لگائی جا سکے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے’’اس غلط عمل کو روکنے اور باغبانوں و تاجروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ اپنی حدود میں فوری طور پر خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دیں۔ یہ ٹیمیں اپنے اپنے علاقوں کی تمام اہم فروٹ منڈیوں کے بار بار اور اچانک معائنے کریں گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ باغبانوں اور فروٹ بیچنے والوں کو ہراساں نہ کیا جائے اور نہ ہی ان سے زیادہ کرایہ وصول کیا جائے۔‘‘
انفورسمنٹ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی روزانہ کی رپورٹ ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر کو لازمی طور پر بھیجیں۔سرینگر میں اے آر ٹی او معظم علی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دو اضلاع کو کور کریں اور موصول ہونے والی شکایات پر کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات رپورٹ کریں۔یہ قدم اُس وقت اٹھایا گیا جب باغبانی کے وزیر جاوید احمد ڈار نے ٹرانسپورٹ کمشنر کو ہدایت دی کہ سیب کے باغبانوں پر پڑنے والے بھاری ٹرانسپورٹ کرایوں پر فوری قابو پایا جائے۔