چرچ لین میں قائم گورنر کے شکایتی سیل میں 6,376 شکایات درج

سری نگر//عوامی شکایات کے نپٹارے پر زور دیتے ہوئے گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ نے کل مختلف محکموں میں اندرونی نگرانی کے نظام میں شفافیت لانے اور ا سے استحکام بخشنے کے لئے ہدایات دیں۔اُمنگ نرولہ نے ان باتوں کا اظہار چرچ لین میں قائم گورنر کے شکایتی سیل میں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔چیف سیکرٹری کے سپیشل سیکرٹری شیخ ارشد ایوب اور 12سرکاری محکموں کے نوڈل افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ میں ایک مستحکم شکایتوں کے ازالے کے نظام کی موجود گی میں لوگوں کو گورنر کے شکایتی سیل میں اپنی شکایات درج کرنے کی ضرورت نہیں پڑ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ کے اندرونی شکایتوں کے ازالے کے نظام میں مزید بہتر ی لانے کی ضرورت ہے جس کی بدولت لوگوں کے مسائل اور مشکلات دور کرنے میں سرعت لائی جاسکتی ہے اور ریاست میں سرکاری کام کاج میں بھی بہتری لائی جائے گی۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے افسران نے لوگوں کی شکایات دُور کرنے سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب تک شکایتی سیل میں 6,376 شکایات درج کی گئیں جن میں سے 4,825 شکایات کو متعلقہ محکموں کو ان کے ازالے کے لئے بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 3,386شکایات کا ازالہ کیا گیا ۔1,239شکایات کو مسترد کیا گیا اور 553 شکایات کو واپس متعلقہ دفتر بھیجا گیا جبکہ 300شکایات کے ازالے زیر غور ہے۔