اوڑی//اوڑی میںحدمتارکہ پر واقع چرنڈہ گائوں کی رابطہ سڑک برف باری اور بارشوں کے بعدکولی نالے کے مقام پر پسیاں گرآنے کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے سے بندہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق 8 مارچ کو ہونے والی بارشوں کے دوران اوڑی سے چرنڈہ جانے والی رابطہ سڑک کولی نالے کے مقام پر پسیاں اور پتھر گر آجانے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے بند ہو گئی مگر محکمہ پی ایم جی ایس وائی نے ابھی تک اس سڑک سے پسیاں اورپتھرہٹانے کے اقدام نہیں کئے۔ایک مقامی نوجون لال حسین کولی نے بتایا کہ ان کے گائوں کی رابطہ سڑک بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو چار پائی پر اٹھا کر اسپتال تک پہنچایا جاتا ہے اور مقامی آبادی کو غذائی اجناس،راشن وغیرہ کاندھوں پر اٹھا کرکئی کلو میٹر پیدل سفر کر کے گھروں تک لے جانا پڑتا ہے۔لال حسین نے بتایا کہ ان کے گاوں کی قریب 9 کلو میٹر رابطہ سڑک کی تعمیر کاکام سال 2011 میں محکمہ پی ایم جی ایس نے ہاتھ میںلیا، مگر ابھی تک اس سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی اور سڑک کی حالت خستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ سڑک کا حفاظتی باندھ تعمیر کیاگیا اورنہ ہی پانی کی نکاسی کے لئے نالیاں تعمیر کی گئیں۔سرپنچ چرنڈہ لال دین کھٹانہ نے بتایا کہ سڑک تعمیر کرنے کے دوران محکمہ نے سروے صحیح طریقے سے نہیں کی اور پورا علاقہ سلائیڈنگ زون بن چکا ہے۔لال دین نے بتایا کہ برفباری اور بارشوں کے دوران پسیاں اور چٹانیں کھسکنے کی وجہ سے ان کے علاقے کی رابطہ سڑک کئی مہینوں تک بند پڑی رہتی ہے۔مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی جائے کی چرنڈہ گاوں کی رابطہ سڑک کو دوبارہ سے سروے کر کے تعمیر کیا جائے تا کہ یہ سڑک سال کے 12 مہینے گاڑیوں کی آمد رفت کے لئے کھلا رہے اور مقامی آبادی راحت کی سانس لے سکے۔