بڈگام//ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بڈگام خورشید احمد ثنائی نے کئی افسران کے ہمراہ چاڈورہ اورچرارشریف کا تفصیلی دورہ کیا اور برفباری کی پیشن گوئی کے پیش نظر تیاریوں کاجائزہ لیا ۔دورے کے دوران اے ڈی ڈی سی نے امکانی برفباری سے نمٹنے کے لئے تمام لائین محکموں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔کئی مقامی وفود نے اے ڈی ڈی سی کے ساتھ ملاقات کی اور امکانی ناسازگار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے کئے جارہے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس دوران اے ڈی ڈی سی نے تحصیلدار چرارشریف کے ہمراہ زیارتگاہ شیخ نورالدین اورخانقاہ کا دورہ کیا جہاں انہوںنے مقامی لوگوں کے ساتھ علاقے میں بجلی اور پانی کی فراہمی اورزیارت گاہ کے گردونواح میںبہتر صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لئے بات چیت کی تاکہ زیارت گاہ میں حاضری دینے والے عقیدت مندوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بعد میں اے ڈی ڈی سی نے موسم سرما کے پیش نظر لازمی اشیأ کی فراہمی کا جائزہ لیا۔