سرینگر//چاڈورہ کے دیوباغ اور گوپال سیف علاقہ کی سڑکیں خستہ ہونے اور ڈرینج نظام ناکارہ ہونے کے باعث لوگوں کو گونا گوں مصائب ومشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ دیوباغ گوپال سیف چاڈورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ حکام نے انہیں نظرانداز کردیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ علاقے کی سڑکیں انتہائی خستہ ہونے اور ڈرینج سسٹم ناکارہ ہونے کے باعث لوگوں کو عبورو مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سڑکوں کی مرمت کی خاطر باجری ڈالی گئی لیکن بچھانے کی زحمت گوارا نہیںکی جارہی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اب یہ باجری بھی اُن کیلئے باعث عذاب ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میت کو قبرستان لیجانے سے قبل پہلے اس باجری کوسڑک کے ایک طرف جمع کرنا پڑا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بڈگام کو بھی آگاہ کیا ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔اتنا ہی نہیں انتظامیہ کی جانب سے منعقد کئے جانے والے پروگراموں کے دوران بھی اس معاملے کو اجاگر کیا گیا لیکن کوئی سدباب نہیں ہوا۔مقامی لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔