چاٹہ بگ سوئیہ بگ میں پولیس فیملی پر حملہ | SPOجاں بحق، بھائی زخمی | مہلوک کے مزید 2بھائی بھی پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تعینات

گاندربل // سوئیہ بگ  بڈگام کے ایک مضافاتی گائوں میں ملی ٹینٹوں نے ایک پولیس فیملی کے گھر پر دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ایس پی او ہلاک جبکہ اسکا طالب علم بھائی شدید زخمی ہوا،م جس کی حالت انتہائی نازک قرار دی جارہی ہے۔یہ بڈگام میں پچھلے 3ہفتوں کے دوران تیسری ہلاکت ہے۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر کی شام دیر گئے قریب ساڑھے 8بجے مشتبہ ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ اندھیرے میںچاٹہ بگ سوئیہ بگ گائوں میں داخل ہوا اور یہاں ایک پولیس فیملی کو نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق ملی ٹینٹوں نے بڈگام میں تعینات 26سالہ SPO اشفاق احمد ڈار اور اسکے طالب علم بھائی  23سالہ عمر ڈار پر اس وقت اندھا دھند فائرنگ کی جب وہ دونوں مکان کے صحن میں کھڑا تھے۔وہ شدید طور پر زخمی ہوکر خون میں لت پت ہوکر گر پڑے م جنہیں فوری طور پر جے وی سی پہنچایا گیا لیکن اشفاق احمد راست میں ہی دم توڑ بیٹھا جبکہ اسکے بھائی عمر ڈار کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے، جس کے پیٹ کے نچلے حصے میں دو گولیاں پیوست ہوئی ہیں۔مذکورہ پولیس فیملی پر جس وقت حملہ کیا گیا اس وقت مذکورہ گھر کے مزید 2بھائی گھر میں موجود نہیں تھے، جو دونوں پولیس میں کام کررہے ہیں۔ جن میں سے ایک کانسٹیبل اور ایک ایس پی او ہے۔پولیس نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔گائوں میں اس واردات کے بعد خوف و دہشت پھیل گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ بڈگام  کے لارکی پورہ گائوں میں 10مارچ کو سمیر احمد ملہ نامی فوج کے اہلکار کو اغوا کر نے کے بعد ہلاک کیا گیا تھا۔21مارچ کو گوتہ پورہ بڈگام میں ایک نوجوان تجمل محی الدین بٹ کو بھی اسی طرح ہلاک کیا گیا تھا۔
 
 
 
 

کوٹرنکہ میں دھماکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا | سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کر کے تحقیقات شروع کر دی  

سمت بھارگو 
راجوری //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں ہفتے کی شام ہوئے 2الگ الگ دھماکوں کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً8:30بجے راجوری ضلع کے کوٹرنکہ قصبہ کے مرکزی علاقہ میں الگ الگ اوقات میں دو دھماکے ہوئے ۔حکام نے بتایا کہ مذکورہ دھماکے پولیس سٹیشن کنڈی سے چند میٹر کے فاصلے پر ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ دوہرے دھماکوں کے فوراً بعد پولیس اور فوج موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر وہاں تلاشی شروع کر دی گئی۔ایک سنیئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ ’دونوں دھماکے کوٹرنکہ قصبے میں ویران مقامات پر ہوئے جن میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ بم اسکواڈ اور فورسز کی دیگر تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔آفیسر نے مزید بتایا کہ ’’ہم ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے سوائے اس کے کہ کم شدت کے دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور ہم نے تحقیقات شروع کر دی ہیں‘‘۔
 
 
 
 

الطاف بخاری کی مذمت 

نیوز ڈیسک
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے ہفتہ کی شام بڈگام ضلع میں پولیس ایس پی او کے قتل کی شدید مذمت کی ۔ بخاری نے کہا کہ بے ہودہ تشدد اور خونریزی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، خاندانوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا ہے اور ہمارے اجتماعی المیوں میں اضافہ ہوا ہے۔اس حملے کو بزدلانہ اور وحشیانہ قرار دیتے ہوئے بخاری نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے چھوٹے بھائی پر بزدلانہ حملے نے ہمیں بے حس اور بے آواز کر دیا ہے۔