چاٹوسہ رفیع آباد میں سڑک حادثہ ،معمر شخص لقمہ اجل

بارہمولہ+محمد تسکین //رفیع آباد بارہمولہ کے چاٹوسہ علاقے میں سڑک حادثے میں ایک معمر شخص لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ منگل کو چاٹوسہ رفیع آباد علاقے میں ایک تیز رفتار ٹپر نے راہ چلتے  ایک 70 سالہ معمر شخص عبدالجبار ولد غلام محمد وار کو ٹکر مار کر شدید طورپر زخمی کردیا۔ اگر چہ مذکورہ شخص کو مقامی لوگوں نے فوری طورپر نزدیکی اسپتال پہنچا یا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معلوم ہوا ہے کہ اس دوران ٹپر ڈرائیور جائے واردات سے فرار ہوا۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے ڈرائیور کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کردی۔اس دوران گذشتہ شام بانہال کے ٹھاچی علاقے میں ایک خاتون اپنے گھر کے نزدیک گھاس کاٹنے کے دوران پہاڑی سے لڑھک کر ایک کھائی میں گر گئی اور موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئی۔ مقامی لوگوں نے خاتوں کی  شناخت حفیظہ بیگم زوجہ خادم حسین نائیک ساکنہ چنڈہ ،ٹھاچی بانہال کے طور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھاس کاٹنے کے دوران حفیظہ پیر پھسلنے کی وجہ سے گہری کھائی میں گر گئی اور مدد آنے اور ہسپتال منتقیل کرنے سے پہلے ہی وہ لقمہ اجل بن چکی تھی۔