کشتواڑ//چارماہ سے زائدعرصہ سے بند پڑی مرگن گاورن انشن سڑک کوجمعہ کی علی الصبح ناڑی بلن تک آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیاجس دوران سینکڑوں مسافر و مال بردارگاڑیوں نے اس سڑک پر سفر کیا۔ اس سڑک پر برف ہٹانے کا عمل آخری مراحل میں تھا جسکے بعد ایس ڈی ایم مڑواہ نے ایس ڈی ایم کوکرناگ کو اس سڑک پر ماہ رمضان سے قبل گاڑیوں کی آمدورفت کو بحال کرنے کو کہا تھا جسکے بعد ایس ڈی ایم کوکرناک نے حکمنامہ جاری کیا اور سڑک پر گاڑیوں کی آواجاہی کیلئے عوام کو اجازت دی اور سفر کرنے کے دوران مسافر گاڑیوں و مال بردار گاڑیوں کو اپنے خطرے پر سفر کرنے کوکہا کیونکہ علاقہ میں ابھی بھی پتھر گرنے کے امکانات ہیں جبکہ ایس ڈی پی او کوکرناگ کو ایک پوسٹ گاورن میں بنانے کو کہا گیا جوہر آنے و جانی والی گاڑی کی مکمل تفصیلات رکھ سکے جبکہ مسافر گاڑیوں میں صرف چھ افراد ہی سفر کریں گے۔40000سے زائد آبادی کو جوڑنے والی واحد سڑک دسمبر میں برفباری کے بعد آمدورفت کیلئے بند ہوئی تھی جبکہ عوام مسلسل ماہ رمضان سے قبل اس سڑک پر آمدورفت بحال کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ جسکے بعد اننت ناگ انتظامیہ و ضلع انتظامیہ کشتواڑ نے ریکارڈ وقت کے اندر برف ہٹانے کا عمل مکمل کیا اور پہلی مرتبہ اپریل میں اس سڑک کو آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے جس کو لیکر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔