سرینگر//پی ڈی پی کے صدر کے عہدے کے چنائو کیلئے پارٹی مہم جاری ہے اورجموں میں کارکن سرگرم ہوگئے ہیں ۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے 300 سے زائدکارکن، پارٹی کے قانون ساز اور پارلیمانی ارکان نے 2 دسمبر کو پارٹی کے صدر کے طور پر وزیر اعلی محبوبہ مفتی کومنتخب کرنے کیلئے تگ دو کررہے ہیں۔پارٹی کارکنان چنائو میں شرکت کرنے کیلئے ریاست کی گرمائی راجدھانی جموں پہنچ گئے ہیں جہاں 2 دسمبر کو بینکٹ ہال میںصدر کے عہدے کا انتخاب ہوگا اور اسی روز چنائو کے نتایج ظاہر کئے جائیں گے ۔پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالرحمان ویری کو ریٹرنگ آفیسر جبکہ فلاحی سنگھ کو الیکشن اوبزرور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔پارٹی کے اندرونی ذرایع نے بتایا کہ پارٹی نے متفقہ طور پر محبوبہ مفتی کوپی ڈی پی کا صدر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ووٹنگ میں لوک سبھا کا ایک اور راجیہ سبھا کے 2ممبران ،ممبران اسمبلی ،ممبران کونسل ،ضلع اور زونل صدرو کے علاوہ پارٹی کے جنرل سیکرٹیریوں اور سٹیٹ سیکرٹریوں سمیت300 ارکان حصہ لیں گے ۔اب جب پارٹی ارکان صدر کے عہدے کیلئے محبوبہ مفتی کو کامیاب بنانے کی حامی بھر چکے ہیں تو وہ چھٹی بار پارٹی صدر بن رہی ہیں۔محبوبہ مفتی 2003میں پی ڈی پی کی صدر منتخب ہوچکی تھیں اور تب سے وہ لگاتار پارٹی صدر منتخب ہوئی ہیں ۔پارٹی کے صدر کے عہدے کیلئے 3سال بعد چنائو ہوتے ہیں ۔