سرنکوٹ //حکمران جماعت پی ڈی پی کے نائب صدر و سابق اسمبلی اسپیکر سرتاج مدنی نے کہاہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ریاست جموں و کشمیرکے سیاسی حالات حل کرانے ،پائدار امن اور ترقی کیلئے اہم رول ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل پی ڈی پی کے منشور کا اولین نکتہ ہے اور مرحوم مفتی سعید کا مشن بھی یہی تھا ۔سرنکوٹ میں پارٹی کارکنان کے ایک جلسہ عام سے خطاب میں سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے سرتاج مدنی نے کہاکہ مرحوم مفتی سعید کو یہی فکر تھی کہ اس قوم کا کیا ہو اور کیا ہونے والاہے اوران کے لئے سب سے بڑی عبادت خدمت خلق تھی ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ وقت میں اگر کسی کو قوم کی ہمدردی ہے تو وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ہیں جو سخت مشکلات کے باوجودبھی قوم کے مسائل حل کررہی ہیں ۔پی ڈی پی نائب صدر نے کہاکہ مفتی محمد سعید نے 1998میں پارلیمنٹ کاالیکشن لڑااورجیت حاصل کرنے کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں ہندوستان کو یہ پیغام دیاکہ ’’ گرنیڈ سے نہ گولی سے بات بنے گی بولی سے ‘‘لیکن شائد یہ نعرہ اس وقت کی جماعت کو پسند نہیں آیا تومرحوم نے پارلیمنٹ اور محبوبہ مفتی نے اسمبلی کی نشستیں چھوڑ دیں اور اپنی چھوٹی سی پارٹی کی بنیاد رکھی ۔ انہوںنے مزید کہاکہ یہاں لوگ دلدل میں پھنسے ہوئے تھے تاہم انہوںنے جرأت مندی سے اقدامات کرکے لوگوں کو اس دلدل سے باہر نکالا۔ان کاکہناتھا’’اس سے پہلے بھی حکومتیں چل رہی تھی جنہوں نے ٹاسک فورس بنایا، جنہوںنے آرمی کومارنے کی کھلی چھوٹ دی ہوئی تھی ،جنہوںنے اخوان کو پیدا کیاتھااورجنہوںنے پوٹا لگایاتھا،تاہم مفتی سعید آئے ،پوٹاختم ، ٹاسک فورس ختم ،اخوان ختم اورآرمی کی زیادتیاں بھی ختم ہوگئیں‘‘۔انہوںنے کہا’’مفتی سعیدکہتے تھے کہ جب تک 1947سے لٹک رہے جموں کشمیر کے سیاسی مسئلہ کو حل نہیں ہوگا تب تک تعمیروترقی کے پروجیکٹ کسی کام نہیں آئیںگے ‘‘۔سرتاج مدنی کاکہناتھاکہ پی ڈی پی کے منشور کا پہلا نکتہ بھی مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل ہے اور پارٹی اس حوالے سے کوششیں کرتی رہے گی۔
پی ڈی پی منشور کا پہلا نکتہ کشمیر کا سیاسی حل :سرتاج مدنی
