گاندربل//گاندربل کے ٹائون ہال میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں پارٹی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ان کے ہمراہ عبدالحمید کوہشین ، ضلع صدر گاندربل بشیر احمد میر،غلام محی الدین وچی،محمد یوسف بٹ، ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے وائس چیئرمین بلال احمد سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر غلام نبی لون ہانجورہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ڈی پی جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا ’’ہم لوگوں کی آواز بلند کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہم اپنے لوگوں کو مایوس نہیں ہونے دیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے خلاف بہت ساری سازشیں کی گئیں کہ پارٹی ٹوٹ جائے لیکن ہم متحد ہیں اور زیادہ مضبوط ہوگئے ہیں۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جو دبائو کے باوجود پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکن پارٹی کی اصل طاقت ہیں اور پی ڈی پی ان کی امنگوں کی نمائندگی کے لیے ثابت قدم رہے گی۔ہانجورہ نے کہا کہ پی ڈی پی عوام کو کبھی دھوکہ نہیں دے گی اور عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرے گی۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ کسی ایسے پروپیگنڈے میں نہ آئیں جو لوگوں کو تقسیم کر سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر گاندربل بشیر میر نے کنونشن کے انعقاد پر پارٹی اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر غلام نبی لون ہانجورہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر فائل فلم صداقت اور سچائی پر مبنی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کوئی بھی بنائے لیکن اس میں سچائی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا ’’ہمیں اس بات کا بے حد افسوس ہے کہ جو حالات 1990میں ہوئے اورہماری پنڈت برادری کشمیر سے چلی گئی، لیکن فلم سچائی پر مبنی نہیں ہے کیونکہ اس میں مسلمانوں کی کردار کشی کی گئی ہے ورنہ سب جانتے ہیں کہ آج بھی کشمیر میں پنڈتوں اور مسلمانوں میں بھائی چارہ موجود ہے جو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شامل ہوتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم بنانے کا مقصد ہے کہ یہاں پنڈتوں اور مسلمانوں میں نفرت پھیلائی جائے جو ہم ہونے نہیں دیں گے ۔